• news

پاکستان بھارت کرکٹ سیریز بحالی کیلئے برمنگھم میں مذاکرات کا امکان

لاہور(سپورٹس رپورٹر ) اگرچہ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کو مستقبل قریب میں بھارت کیخلاف باہمی سیریز کی بحالی کی امید نہیں البتہ انہوں نے اپنی جانب سے بھرپور کوششیں جاری رکھی ہوئی ہیں۔ ذرائع کے مطابق پاکستان بھارت سیریز کی بحالی پر چار جون کو برمنگھم میں دونوں ممالک کے بورڈ آفیشلز کے درمیان بات چیت کا امکان ہے۔پاکستان کرکٹ بورڈ نے مفاہمتی یادداشت کے باوجود بھارت کیخلاف سیریز نہ ہونے کے نتیجے میں بھاری مالی نقصان کے پیش نظر بی سی سی آئی کو قانونی نوٹس ارسال کیا تھا جس میں باہمی سیریز کی بحالی اور نقصانات کی تلافی کا مطالبہ کیا گیا تھا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کے مطابق بھارتی کرکٹ بورڈ نے قانونی نوٹس کے جواب میں حکومتی اجازت نہ ہونے کے پرانے جواز فراہم کئے ہیں کہ جب تک ان کی حکومت اجازت نہ دے وہ پاکستان کیخلاف نہیں کھیل سکتے۔شہریارخان کا کہنا ہے کہ وہ چیمپئنز ٹرافی میں پاکستان بھارت میچ کے دوران بی سی سی آئی کے آفیشلز سے ملاقات کریں گے جہاں اس مسئلے کو حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس بات چیت کے بعد وہ مستقبل کا لائحہ عمل طے کریں گے جس میں اپنی شکایت آئی سی سی کی تنازعات حل کرانے والی کمیٹی تک لے جانے کا آپشن بھی شامل ہے۔ شہریار خان کا یہ بھی کہنا تھا کہ انہیں اس بات کی کوئی خاص امید نہیں کہ جلد پاکستان اور بھارت کے درمیان کرکٹ بحال ہوگی۔

ای پیپر-دی نیشن