ہم بیکری کا کیک نہیں جو تقسیم کیا جا سکے، نہ شب برات کا حلوہ: فاروق ستار
اسلام آباد+ حیدرآباد (آن لائن) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان کے سربراہ ڈاکٹر فاروق ستار نے کہا ہے کہ نہ ہم بمبئی بیکری کا کیک ہیں جو تقسیم کیا جاسکے اور نہ ہی شب برات کا حلوہ، یہ لوہے کے چنے ہیں ، ہمت ہے تو ان کو چبا¶ یا حیدرآباد کی بہنوں سے اپنے ہاتھوں میں چوڑیاں پہن لو۔ ہماری تحریک عزت کے ساتھ رہنے کی جدوجہد ہے ، جس دن سر اُٹھا کر چلو گے یہ ہمارے پیچھے پانی اور کچرا اُٹھاکر گھوم رہے ہونگے۔ وہ کوہ نور چوک پر ایک جلسہ عام سے خطاب کررہے تھے۔ اس موقع پر سندھ اسمبلی میں اپوزیشن لیڈر خواجہ اظہارالحسن، میئر کراچی وسیم اختر، خالد مقبول صدیقی، میئر حیدرآباد سید طیب حسین، صابر قائم خانی، دلاور قریشی، راشد خلجی و دیگر بھی موجود تھے۔ ڈاکٹر فاروق ستار نے سانحہ 30ستمبر کے شہداءکو خراج عقیدت پیش کرتے ہوئے ان کے اہل خانہ سے کہاکہ شہداءکا خون رائیگاں نہیں جانے دیں گے، ہم اپنے چارٹر آف ڈیمانڈ میں حیدرآباد کے شہداءکے حوالے سے کمیشن بنانے کا مطالبہ کرتے ہیں۔ جو تقسیم کی بات کررہے ہیں ان کی تقسیم در تقسیم ہوگی ، اگر پاکستان بناسکتے ہیں تو پاکستان میں اپنی عزت نفس بھی بحال کرا سکتے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ ہمارے میئر کو وسائل دیئے جائیں ورنہ ہم ٹیکس دینا بھی جان دینا بھی جانتے ہیں تو ٹیکس روکنا بھی جانتے ہیں۔ اگر قوم ہمارے ساتھ کھڑی ہو تو کوٹہ سسٹم کی ایسی کی تیسی اس سسٹم نے 40سال میں مہاجروں کا ہی نہیں بلکہ مظلوم سندھیوں کا بھی استحصال کیا ہے۔ گزشتہ انتخابات میں 20 میں سے 17 نشستیں جیتی تھیں اس بار 18 نشستیں جیتیں گے۔ مورثی سیاست کا خاتمہ ہونا چاہئے۔ کسان پیکج ایک دھوکے کا نام ہے۔
فاروق ستار