;مشرف، زرداری کی حکمرانی نے پاکستان کو 28 برس پیچھے دھکیل دیا: سعد رفیق
لاہور (خبر نگار+ سٹاف رپورٹر) وفاقی وزیر ریلوے خواجہ سعد رفیق نے کہا ہے کہ کلبھوشن کا معاملہ قومی سلامتی کا مسئلہ ہے۔ اس پر تمام ادارے ایک پیچ پر ہیں۔ کسی کو اس پر سیاست نہیں کرنا چاہیے۔ انہوں نے عمران خان پر تنقید کرتے ہوئے کہا وہ جمہوریت کیلئے سکیورٹی رسک ہیں۔ ان کی آنکھوں پر انتقام کی پٹیاں بندھی ہیں۔ ملک میں جب بھی جمہوری نظام کو نقصان ہوا اس کے پیچھے عمران خان ہی تھے۔ انہیں جمہوریت کی الف ب کا بھی نہیں پتہ۔ عمران کو علم نہیں ان کا ہر قدم جمہوریت کے خلاف ہے۔ وہ جس شاخ پر بیٹھے ہیں اسے ہی کاٹ رہے ہیں۔ سٹاف رپورٹر کے مطابق انہوں نے کہا مخالفین کی سازشیں ہمیںملکی مفاد میں کام کرنے سے نہیں روک سکیں ہر موڑ پر سازشی اور حاسدین بدلتے رہے مگر نواز شریف کا قافلہ آگے بڑھتا رہا مخالفین کے سیاسی عدالتی اور صحافتی حملے ہمیں منزل مقصود پر پہنچنے سے نہیں روک سکتے۔ دہشت گردوں کی کمر ٹوٹ گئی ہے زر مبادلہ کے ذخائر تاریخ کی بلند ترین سطح پر ہیں مشرف اور زرداری کی 14سالہ حکمرانی نے پاکستان کو 28سال پیچھے دھکیل دیا۔ گذشتہ 10سال سے سندھ زرداریوں کے آسیب کا شکار ہے خیبر پی کے عمران خان اور اس کے اتحادیوں کی انتقامی سیاست، نااہلی، ناسمجھی اور بد انتظامی کی بھینٹ چڑھ گیا ہے سندھ اور خیبر پی کے نے 4 برسوں میں ایک میگاواٹ بجلی بنانے کی کوشش نہیں کی۔ انہوں نے کہا این اے 125کے 90 فیصد سے زائد سکولوں میں تمام بنیادی سہولتیں دستیاب ہیں سوریج اور گلیوں کی وسیع پیمانے پر تعمیر کی گئی ہے علاقہ میں بنائے گئے تینوں کالجز بہترین نتائج دے رہے ہیںپارکس کا جا بچھایا جا رہا ہے باب پاکستان پر اسی برس کام شروع ہو گا۔
سعد رفیق