• news

سی پیک قومی منصوبہ‘ بندر بانٹ اور ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنانے کی گنجائش نہیں : شہبازشریف

لاہور(خصوصی رپورٹر) وزیراعلیٰ شہبازشریف نے کہا ہے کہ اللہ تعالیٰ نے چائنہ پاکستان ا کنامک کوریڈورکی شکل میں پاکستان کو ایک انعام اورآگے بڑھنے کا سنہری موقع عطا کیا ہے اوراب اس سے فائدہ اٹھانا ہم سب کی قومی ،سیاسی ،ملی اوردینی ذمہ داری ہے۔ سی پیک نا امیدی کو امید اورمایوسیوں کوخوشیوں میں بدلنے کا عظیم منصوبہ ہے۔ ہمیں محنت،عزم اورجذبے کام کرتے ہوئے اسے کامیاب بناناہے، یہ ہماری ذمہ داری بھی ہے اورفرض بھی۔ پاکستان کی تقدیر بدلنے کے اس قومی منصوبے پرسیاست، بندر بانٹ اوراپنی ڈیڑھ اینٹ کی الگ مسجد بنانے کی کوئی گنجائش نہیں۔ اگر ہم نے اس عظیم منصوبے سے فائدہ نہ اٹھایاتو آنے والی نسلیں اورتاریخ ہمیں کبھی معاف نہیں کرے گی ، اگر ہم نے قومی منصوبوں پر سیاست کھیلی تو تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ڈیڑھ اینٹ کی مسجد بنائی یا بندر بانٹ کرنے کی کوشش کی تو بھی تاریخ معاف نہیں کرے گی۔ سی پیک پر تیزرفتاری سے عملدر آمدپر چین سمیت پوری دنیا معترف ہے، اس منصوبے پرکامیابی سے عملدر آمد پر دوست خوش اورمخالفین حیران اور پریشان ہیں۔سی پیک کے بارے میں وہ آوازیں بھی دب چکی ہیں جو اسے مہنگے کمرشل قرضے کہتے تھے ۔یہ قرضے نہیں بلکہ چین کی سرمایہ کاری ہے ۔ ملک و قوم کی خوشحالی کے اس عظیم منصوبے کی کامیابی کیلئے پوری قوم کو یکسو ہوکر آگے بڑھنا ہے اورمحنت،امانت اوردیانت کے سنہری اصولوں کو اپنا کراپنی منزل حاصل کرنا ہے ۔ ملک کو اپنے پاؤں پر کھڑا کرنے اورخودکفالت کی منزل سے ہمکنارکرنے کیلئے سیاستدانوں، ججوں، جنرنیلوں، بیورو کریٹس، صنعتکاروں اورتاجروں کوماضی کی غلطیوں اورتاریخ سے سبق سیکھ کر آگے بڑھنا ہے اورپاکستان کو قائدؒو اقبالؒ کے تصورات کے مطابق فلاحی ریاست بنانے کیلئے اپنا کردارادا کرنا ہے۔ وزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں ترقیاتی منصوبوں پر عملدر آمد کیلئے شفاف میکانزم بنایاگیا ہے۔ میری ملکی و غیر ملکی سرمایہ کاروں سے گزارش ہے کہ وہ آگے بڑھیں اور پاکستان بالخصوص پنجاب میںسرمایہ کاری کے مواقعوں سے فائدہ اٹھائیں ، یہاںآپ سے کوئی رشوت طلب نہیں کرے گااورنہ ہی آپ کی سرمایہ کاری کو کسی سرخ فیتے کی نذر ہونے دیا جائے گا۔ آپ یہاں کھلے دل سے سرمایہ کاری کریں،منافع کمائیں اورعوام کو خدمات فراہم کریں، شہبازشریف نے ان خیالات کا اظہار پنجاب سرمایہ کاری بورڈکے زیر اہتمام ’’پنجاب میں سرمایہ کاری کے مواقعوں ‘‘کے موضوع پر بین الاقوامی سیمینارکے افتتاحی سیشن سے خطاب میں کیا۔ وزیراعلی نے کہا کہ خوشحالی اورترقی کے سفر میں سب شامل ہوسکتے ہیں ۔ چائنہ پاکستان اکنامک کوریڈور چین کے صدر کے اسی ویژن کاپھل ہے جس سے سب سے پہلے پاکستان کے عوام فائدہ اٹھائیں گے۔ چینی قیادت بھی سمجھتی ہے کہ موجودہ پاکستانی قیادت صحیح معنوں میں سی پیک کی محافظ ہے۔ سیاسی و عسکری قیادت اورپوری قوم ملک کو مکمل طورپر دہشت گردی کی لعنت سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے۔دہشت گردی کے خلاف جنگ میں پاک افواج، پولیس، قانون نافذ کرنے والے اداروں کے افسروں، جوانوں، بچوں اور اہم شہریوں نے لازوال قربانیاں دی ہیں۔ انشاء اللہ دہشت گردی کے خلاف جنگ جیتیں گے اور پاکستان کوامن کا گہوارہ بنائیں گے۔ چین کے سابق سفارتکارشازوکانگ نے خطاب میں کہا کہ پاکستان اورچین کی دوستی بے مثال ہے۔ شہبازشریف چین کے عظیم دوست ہیں اوران کی محنت سے دونوں ممالک میں معاشی تعاون بڑھا ہے ۔ پنجاب کے وزیراعلیٰ کی شبانہ روزکی محنت سے پنجاب میں بے مثال ترقی کی ہے اورپنجاب پاکستان کاترقی یافتہ اور خوشحال صوبہ بن چکا ہے ۔ہمیں پاکستان اور پاکستان کے عوام کی دوستی پر فخر ہے۔سی پیک پاکستان کی ترقی و خوشحالی کاعظیم منصوبہ ہے اورچین اورپاکستان اس کی کامیابی کیلئے پرعزم ہیں۔چینی قونصل جنرل لانگ ڈنگ بن نے کہا کہ چین پاکستان سے تعلقات کو بڑی اہمیت دیتا ہے اور پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف نے دونوں ممالک کے معاشی تعاون بڑھانے میں اہم کردارادا کیا ہے ۔ شہبازشریف کی مضبوط قیادت کے باعث پنجاب میں سرمایہ کاری میں اضافہ ہوا ہے اوراس سیمینار میں 300چینی سرمایہ کار شرکت کررہے ہیں۔ترک قونصل جنرل سردارڈینز نے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف نے پنجاب کے عوام کی بھر پورخدمت کی ہے اورعوام کو سہولتوں کی فراہمی کیلئے شاندار کام کیا ہے ۔ متعدد ترک کمپنیاں پنجاب حکومت کے ساتھ ملکرکام کررہی ہیںاور آنے والے وقتوں میں مزید ترک سرمایہ کاری پنجاب میں سرمایہ کاری کریں گے۔ صدر پاک ترک بزنس قونصل نے کہا کہ پاکستان کی ابھرتی ہوئی معیشت ہے اوروزیراعظم نوازشریف کی قیادت میں پاکستان کی معیشت مضبوط ہوئی ہے اورپاکستان اورترکی کے مابین معاشی تعاون بڑھا ہے۔ سیمینار کے دوران برطانیہ کے سرمایہ کاروں کی جانب سے فیصل آباد میں مکمل ہونے والے 70 ملین یورو کے منصوبے کا افتتاح کیا گیا۔ علاوہ ازیں شہبازشریف سے بین الاقوامی بزنس سیمینار میں شریک غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں کے سربراہوں اورچیف ایگزیکٹو افسروں نے الگ الگ ملاقاتیںکیں- وزیراعلیٰ بغیر آرام کیے مسلسل چار گھنٹے تک غیر ملکی سرمایہ کاروں کے وفود سے ملاقاتیں کرتے رہے۔غیر ملکی سرمایہ کار کمپنیوں نے پنجاب کے مختلف شعبوں میں سرمایہ کاری کرنے پر گہر ی دلچسپی کا اظہار کیااورتوانائی، انفراسٹرکچر، ٹرانسپورٹ، صنعت، زراعت، شہری ترقی، ہاؤسنگ، صحت اور دیگر شعبوں میں تعاون بڑھانے پر اتفاق کیاگیا۔

شہباز شریف

ای پیپر-دی نیشن