سیٹھی کے چیئرمین پی سی بی بننے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کروں گا : ذکاءاشرف
لاہور(حافظ محمد عمران /نمائندہ سپورٹس) پاکستان کرکٹ بورڈ کے سابق چیئرمین چودھری ذکا اشرف کا کہنا ہے کہ نجم سیٹھی کے چیئرمین بننے کے بعد لائحہ عمل کا اعلان کرونگا۔ اپنے کارڈز سنبھال رکھے ہیں۔ وقت آنے پر عدالت جانے یا نہ جانیکا فیصلہ کرونگا۔ وہ وقت نیوز کے پروگرام گیم بیٹ میں گفتگو کر رہے تھے۔ انہوں نے کہا کہ کرکٹ بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی اور پاکستان سپر لیگ کے سربراہ نجم سیٹھی کیطرف سے الزامات بے بنیاد اور حقائق کے منافی ہیں مجھ پر تنقید اس وجہ سے کہ کی جا رہی ہے تاکہ میں خاموش رہوں۔ اپنے دور میں ایک پیسے کی کرپشن نہیں کی جو بھی اخراجات کیے گئے وہ قانون و آئین کے مطابق تھے۔ اعجاز بٹ اور میرے سفری اخراجات کا موازنہ درست نہیں ہے۔ میں نے دس سال میں رہنے والے تمام چیئرمینوں کے اخراجات کی تفصیلات کی رپورٹ تیار کرنے کی ہدایت کی تھی موجودہ انتظامیہ نے سب سے پہلے آ کر اس کام کو روکا۔ نجم سیٹھی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ کی حیثیت سے چیئرمین کے اختیارات استعمال کر کے عدالتی احکامات کی نفی کرتے رہے ہیں۔ شہریار خان تو ڈمی چیئرمین ہیں۔ تمام فیصلے نجم سیٹھی ہی کرتے ہیں۔ پاکستان سپر لیگ میں سپاٹ فکسنگ سکینڈل کرکٹ بورڈ کے اعلیٰ عہدیداروں اور سکیورٹی ویجیلنس ڈیپارٹمنٹ کی ناکامی ہے۔متعلقہ شعبے کی ناکامی ہے۔ ہم اپنے دور میں سپر لیگ کے مقابلے پاکستان میں کروانا چاہتے تھے ۔ایونٹ کے میچز پاکستان میں ہونے چاہئیں۔ ہم نے تمام کام مکمل کر لیا تھا۔ لوگو کی تقریب رونمائی کی۔ غیر ملکی کھلاڑیوں کو سکیورٹی سمیت دیگر معاملات میں بہتر پیشکش کی غیر ملکی کھلاڑی پاکستان آنے کے لئے رضامند تھے۔ بھارت نے کھلاڑیوں کو روکنا شروع کر دیا تھا اس وجہ سے ہمارا منصوبہ تاخیر کا شکار ہوا۔بگ تھری پر ہمارا موقف اصولی تھا۔ ہم نے بگ تھری کیخلاف لابنگ بھی کی اور کمیاب بھی ہوئے اب وہ منصوبہ ختم ہو رہا ہے۔ اپنے دور میں بھی ملک و قوم اور کرکٹ کے مفاد میں فیصلے کیے تھے اب بھی فیصلہ کھیل کے مفاد میں ہی کرونگا۔ مجھے امید ہے کہ وزیراعظم میاں نواز شریف نجم سیٹھی کو دوبارہ کرکٹ بورڈ کے چیئرمین کے عہدے کے لئے نامزد نہیں کریں گے۔ پہلے ہی ملکی کرکٹ تنازعات میں گھری ہوئی ہے اسطرح کے فیصلے سے مزید نقصان ہو گا۔