چیف منسٹر ویمن گولڈ ہاکی ٹورنامنٹ پنجاب، سندھ، اسلام آباد کی ٹیمیں کامیاب
لاہور(سپورٹس رپورٹر) پانچویں چیف منسٹر ویمن گولڈ کپ ہاکی ٹورنامنٹ میں مزید تین میچوں کا فیصلہ ہو گیا جس میں پنجاب وائٹس، سندھ اور اسلام آباد ویمن ہاکی ٹیموں نے اپنے اپنے میچز جیت لئے۔ نیشنل ہاکی سٹیڈیم لاہور میں جاری ٹورنامنٹ میں گذشتہ روز پہلا میچ پنجاب وائٹس اور یوناٹیڈ ویمن ہاکی اکیڈمی کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں پنجاب وائٹس ٹیم نے دو صفر سے کامیابی اپنے نام کی۔ پہلے ہاف میں کوئی ٹیم بھی گول کرنے میں ناکام رہی جبکہ یونائٹیڈ ویمن ہاکی اکیڈمی دو پنلٹی کارنرز سے فائدہ نہ اٹھا سکی۔پنجاب وائٹس کی ٹیم جانب سے پہلا گول میچ کے 36 ویں منٹ میں پنلٹی کارٹر پر عشرت عباس نے کیا جبکہ دوسرا گول میچ ختم ہونے سے ایک منٹ قبل اریبہ سرور نے کر کے اپنی ٹیم کی برتری کو ڈبل کر دیا۔ دوسرا میچ سندھ اور بلوچستان کی ٹیموں کے درمیان کھیلا گیا جس میں سندھ نے دو صفر سے کامیابی سمیٹی۔ فاتح ٹیم کی جانب سے کرن اور ماریہ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ تیسرے میچ میں اسلام آباد نے خیبر پی کے ویمن ٹیم کو چار ایک سے زیر کیا۔ مہ جبیں نے دو جبکہ سدرہ چیمہ اور منیبہ نے ایک ایک گول سکور کیا۔ خیبر پی کے کی جانب سے واحد گول حسینہ نے کیا۔