• news

امریکہ اور پاکستان کے مابین 70 سال پرانے تجارتی تعلقات ہیں: یوری فیڈ کیو

گوجرانوالہ (نمائندہ خصوصی) امریکن قونسلر جنرل یوری فیڈکیونے کہا کہ امریکہ اور پاکستان کے مابین 70سال پرانے تجارتی تعلقات ہیں۔ ان تعلقات کو مزید مضبوط اور مستحکم بنا نے کیلئے موجودہ حکومت کس قدر مخلص ہے اسکا ثبوت امریکی صدر کا حالیہ دورہ سعودی عرب ہے۔ انہوں نے کہا کہ ماضی میں امریکہ میں پاکستانی کمیونٹی کو مسائل کا سامنا تھا لیکن اب حالات پہلے سے بہت بہتر ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوںنے گوجرانو الہ چیمبر آف کامرس اینڈ انڈسٹری کے اراکین سے خطاب کے دوران کیا جس کی صدارت چیمبر کے صدر سعید احمد تاج نے کی ۔اس موقع پر نائب صدر کامران خالد بٹ، اراکین مجلس عاملہ، سابق صدور اخلاق احمد بٹ کے علاوہ اکنامک آفیسر اینڈروڈوہلر، مس صدف سعد پولیٹیکل سپیشلٹ، معاذ رضا اکنامک سپیشلٹ یو ایس قونصلیٹ لاہور بھی موجود تھے۔ یوری فیڈکیو نے کہا کہ امریکہ گوجرانوالہ کی مصنوعات کیلئے اہم مارکیٹ ہے۔ ان مصنوعات کو وہاں متعارف کروانا ناگزیر ہے جس سے نہ صرف پاکستان کی ایکسپورٹ میں گرانقدر اضافہ ہوگا بلکہ دونوں ممالک کے تجارتی تعلقات مزید مستحکم ہونگے۔ میں گوجرانوالہ کی مصنوعات کی کوالٹی سے بخوبی آگاہ ہوں لہٰذاامریکہ میں ہونے والی صنعتی نمائشوں میں گوجرانوالہ کو بھر پور حصہ لینا چاہیئے۔ قبل ازیں چیمبر کے صدر سعید احمد تاج نے امریکی قونصلیٹ جنرل کو سپاسنامہ پیش کرتے ہوئے انہیں گوجرانوالہ چیمبرآف کامرس کی طر ف سے خوش آمدید کہا اور ان کی آمد کو گوجرانوالہ کی بزنس کمیونٹی کی طرف سے امریکہ میں تجارتی تعلقات کو بڑھانے حوالے سے نہایت خوش آئند قرار دیا اور مطالبہ کیا کہ پاکستانی مصنوعات کی امریکی منڈی تک رسائی کو آسان اور یقینی بنایا جائے دونوں ممالک کی بزنس کمیونٹی کے درمیان فرینڈلی ماحول پیدا کیا جائے۔ دریں اثنا امریکن قونصل جنرل یورے فیڈ کیو نے کہاہے کہ پاک امریکہ تعلقات کا مستقبل روشن ہے اور امریکہ پاکستان کے ساتھ تعلیم سمیت دیگر شبہ جات میں اپنا تعاون جاری رکھے گا ان خیالات کاا ظہار انھوں نے چئیرمین اسٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون وانصاف محمود بشیر ورک کی رہائشی گاہ پر ایک تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کیا۔ انہوں نے پاکستانی قوم کو آنیوالے رمضان المبارک کی مبارکباد دی، اس موقع پر وفاقی وزیر برائے تجارت خرم دستگیر خان کا کہنا تھاکہ امید کرتے ہیں کہ ڈونلڈ ٹرمپ کے دور حکومت میں پاک امریکہ تعلقات مزید مستحکم ہونگے، اس موقع پر چیئرمین سٹینڈنگ کمیٹی برائے قانون وانصاف محمود بشیر ورک نے امریکن قونصل جنرل کی توجہ ڈاکٹرعافیہ کی طرف دلاتے ہوئے کہاکہ عافیہ صدیقی کے بارے میں پاکستانی قوم کا دکھ امریکہ تک پہنچائیں، انہوں نے کہاکہ کولڈ وار میں پاکستان امریکہ کے ساتھ اور بھارت روس کے ساتھ کھڑا تھا لیکن افسوس کی بات ہے کہ امریکہ نے اپنے دیرینہ دوست کی بجائے بھارت کو ایٹمی طاقت تسلیم کیا محمود بشیر ورک کا کہنا تھاکہ عالمی برادری ایک جاسوس کلبھوشن یادیو کیلئے فکرمند ہونا لمحہ فکریہ ہے۔

ای پیپر-دی نیشن