بنکاک میں ہسپتال کے باہر دھماکہ، 24 افراد زخمی
بنکاک(آئی این پی) مشرقی ایشیائی ریاست تھائی لینڈ کے دار الحکومت بنکاک کے ایک ہسپتال کے باہر ہونے والے دھماکے کے نتیجے میں 24 افراد زخمی ہوگئے جبکہ ہسپتال کی عمارت کو بھی نقصان پہنچا۔غیر ملکی میڈیا کے مطابق تھائی پولیس حکام کا کہنا ہے کہ دھماکا فرامونگ کتکلا نامی ایک ہسپتال کے مرکزی دروازے کے قریب ہوا، جو فوجیوں اور ان کے اہلخانہ کے علاج و معالجے کے حوالے سے مشہور ہے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری اب تک کسی گروپ نے قبول نہیں کی، تاہم تھائی فوجیوں نے ہسپتال کے داخلی راستوں کو سیل کردیا۔تھائی لینڈ پولیس کی بم ڈسپوزل ٹیم کے کمانڈر کمتھورن اوکھاروین نے غیر ملکی خبر رساں ادارے کو بتایا کہ ہم نے ایسے ٹکڑے تلاش کیے ہیں جو بم بنانے کے لیے استعمال ہوتے ہیں تاہم اب تک یہ واضح نہیں ہے کہ اس دھماکے کے پیچھے کون ملوث ہے۔ ڈپٹی نیشنل پولیس چیف جنرل سری وارا رنگسی برہمناکل کا کہنا تھا کہ بم ایک ڈبے میں چھپا کر ہسپتال کے داخلی راستے پر رکھا گیا تھا۔