امن کی خواہش کمزوری نہیں‘ جارحیت کا منہ توڑ جواب دیں گے: آرمی چیف ‘ چوکی تباہ کرنے کا بھارتی دعویٰ مستر د
راولپنڈی (سٹاف رپورٹر + آئی این پی + نوائے وقت رپورٹ) آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہا ہے کہ ہمسایہ ممالک کے ساتھ پائیدار امن چاہتے ہیں، ہماری امن کی خواہش کو کمزوری نہ سمجھا جائے، سرحدوں پر کسی بھی مہم جوئی کا بھرپور جواب دیا جائے گا، سیکورٹی فورسز،قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کی بے شمار قربانیوں کے بعد ملک میں استحکام آرہا ہے ،قوم کی قربانیوں سے پاکستان میں حالات معمول کے مطابق لائیں گے ،مغربی اورمشرقی محاذوں پر جوانوں کا جذبہ قابل تحسین ہے۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف کی زیر صدارت 75ویں سالانہ فارمیشن کمانڈرز کانفرنس جی ایچ کیو میں ہوئی جس میںفوج کے تمام جنرل آفیسرز نے شرکت کی۔ شرکاء کو ملکی جیوسٹرٹیجک صورتحال‘ آپریشن ردالفساد میں پیشرفت‘ روایتی خطرے کے خلاف آپریشنل تیاریوں اورقومی سلامتی سے متعلق دوسرے معاملات پر بریفنگ دی گئی۔ راویتی خطرات سے نمٹنے کیلئے پاک فوج کی آپریشنل تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس موقع پر آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے کہاکہ سکیورٹی فورسز‘ قانون نافذ کرنے والے اداروں اور قوم کی بے شمار قربانیوں کے بعد استحکام آرہا ہے ،قوم کی قربانیوں سے پاکستان میں حالات معمول کے مطابق لائیں گے۔ آرمی چیف نے فوج کی آپریشنل تیاریوں‘ مورال اور خاص طور پر بھارت کی جانب سے حالیہ سرحدی جنگ بندی کی خلاف ورزیوں پر موثر جواب دینے پر تعریف کی۔ فاٹا کی صورتحال ،پاک افغان بارڈر مینجمنٹ کو بہتر بنانے کیلئے حالیہ اقدامات ،فاٹا اصلاحات کو ناگزیرقراردیتے ہوئے اور فاٹا کے عوام کی خواہشات کے مطابق اصلا حات کے عمل کی ضرورت کو دہرایا۔ بلوچستان کی صورتحال میں بہتری پر بھی غور کیا گیا۔ شرکاء نے عوام کی حمایت کے ساتھ بلوچستان میں استحکام اور ترقی کی طرف معنی خیز شراکت جاری رکھنے کے عزم کا اعادہ بھی کیا۔ سی پیک کی پیش رفت اور سی پیک منصوبوں کی سکیورٹی سے متعلق بھی تبادلہ خیال کیا گیا، انتہائی اہم میگا منصوبے کی بروقت تکمیل کیلئے مزید محفوظ ماحول پر توجہ برقرار رکھنے پر غور بھی زوردیا گیا۔ پائیدار استحکام حاصل کرنے تک کراچی اور پنجاب سمیت دوسری جگہوں میں آپریشنز جاری رہیں گے ۔کانفرنس کے شرکاء نے فوج کی سطح پر اٹھائے جانیوالے اقدامات پر اطمینان کا اظہار کیا اور ملک کی جیو اور نظریاتی سرحدوں کی حفاظت کرنے کے عزم کا اظہار کیا۔ دریں اثناء ڈی جی آئی ایس پی آر نے بھارتی فوج کی طرف سے کنٹرول لائن پر پاکستانی فوج کی چوکی تباہ کرنے کے دعویٰ کو مسترد کر دیا۔ سماجی رابطہ کی ویب سائٹ پر اپنے مختصر بیان میں ڈی جی نے کہا کہ بھارتی فوج کے دعوے غلط ہیں۔ خیال رہے کہ بھارتی میڈیا نے ہندوستانی فورسز کے حوالے سے دعویٰ کیا تھا کہ کنٹرول لائن پر پاک فوج کی جانب سے فائرنگ کا جواب دیتے ہوئے بھارتی فورسز نے راجوری کے مقام پر پاکستانی پوسٹ تباہ کردی ہے۔بھارت کی جانب سے دعویٰ کیا جارہا تھا کہ یہ پوسٹ راجوری میں ناؤشیرا کے مقام پر قائم تھی۔پاکستان کے عسکری ترجمان نے بھارتی فوج کے اس دعویٰ کی بھی تردید کی کہ پاکستانی فوج ،بھارت کی جانب فائرنگ کر رہی تھی۔ ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے آصف غفور نے کہا ہے کہ پاک فوج ایل او سی پر آبادی کو نشانہ نہیں بناتی۔ بھارتی فائرنگ کا بھرپور جواب دیتی ہے۔ بھارت نے غلط ویڈیو ریلیز کی ہے۔ کوشش ہو گی کچھ دن میں میڈیا کو سیکٹر کا دورہ کرایا جائے۔ بھارت نے گزشتہ روز سرجیکل سٹرائیک ٹو کی بھی بات کی تھی۔ سرجیکل سٹرائیک ٹو بھی جھوٹ کا پلندہ ہے۔ بھارت نے پاکستان کسی چوکی پر حملہ نہیں کیا۔ بھارت ایل او سی پر معصوم شہریوں کا نشانہ بناتا ہے۔ جھوٹ کا جواب جھوٹ سے دینا ہمارا مشورہ نہیں۔ آزادکشمیر میں تعینات فوج آبادی کا تحفظ یقینی بنا رہی ہے۔ پاکستان اور بھارت میں 2006ء میں سیز فائر کا معاہدہ ہوا تھا۔ بھارت سے1300 بار سیز فائر لائن کی خلاف ورزی کی۔