عمر اکمل فٹ تھے یا ان فٹ، پی سی بی نے تحقیقات کا حکم دیدیا
لاہور (نمائندہ سپورٹس +سپورٹس رپورٹر) چیئرمین پاکستان کرکٹ بورڈشہریار خان نے کہا ہے کہ اس بات کی تحقیقات کی جائیں گی کہ اگر عمر اکمل فٹ تھے تو کیسے اتنی جلدی ان فٹ ہو گئے اور انہیں کس نے فٹ قرار دیا تھا۔ سینیٹ کی قائمہ کمیٹی برائے بین الصوبائی رابطہ کے اجلاس کے بعد کہا کہ ہماری واضح پالیسی ہے کہ کسی بھی ان فٹ کھلاڑی کو نہیں کھلائیں گے۔ معاملے کی تفتیش کر رہے ہیں کہ کیا یہ کھلاڑی تین سے چار ہفتوں میں ہی دوبارہ ان فٹ ہو گیا ہے یا شروع سے ہی ان فٹ تھا۔ دس لوگوں میں سے کوئی بھی چیئرمین پی سی بی بن سکتا ہے جس میں چار ریجنز کے نمائندے، چار ڈپارٹمنٹس کے نمائندے اور دو کو بورڈ کے پیٹرن ان چیف وزیر اعظم نامزد کرتے ہیں اور انہی دس میں سے ایک کسی ایک کو منتخب کرنا ہوتا ہے‘نجم سیٹھی بھی چیئرمین بن سکتے ہیں ۔ یونس خان اور مصباح الحق کو کوئی بھی عہدہ دینے سے قبل ان سے مشاورت کرنا چاہ رہا ہوں کہ وہ کس عہدے پر کام کرنا پسند کریں گے اور اگلے تین چار دن میں فیصلہ ہو جائےگا۔ دونوں کیلئے فیئرول کی تقریب کا انعقاد کرینگے۔ پاکستان کی فوراً کوئی ٹیسٹ سیریز نہیں لہٰذا کپتان کا اعلان اگست ستمبر میں کریں گے۔اور کپتان کیلئے سب جانتے ہیں کہ کون سے نام زیر غور ہیں۔