مانچسٹر دھماکہ کے بعد چیمپئنز ٹرافی کیلئے سکیورٹی سخت
لاہور(سپورٹس ڈیسک )مانچسٹر میں دہشتگرد حملے کے بعد انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے یکم جون سے ہونےوالی چیمپیئنز ٹرافی اور ویمنز کرکٹ ورلڈ کپ کی سکیورٹی کا جائزہ لینے اور کھلاڑیوں کی حفاظت کیلئے اسے مزید سخت کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔ اوول، کارڈف اور ایجبسٹن 18 جون تک ایونٹ کے میچز کی میزبانی کریں گے جبکہ 24 جون سے تین شہروں میں ویمنز ورلڈ کپ کا آغاز ہو گا۔آئی سی سی کے بیان میں کہا گیا کہ ہمیں ان دھماکوں میں ہونےوالے جانی نقصان پر بہت افسوس ہے اور انٹرنیشنل کرکٹ کونسل اور انگلش کرکٹ بورڈ دونوں ٹورنامنٹس کے دوران کھلاڑیوں کی حفاظت اور بہترین سکیورٹی کی فراہمی ہماری اولین ترجیح ہے۔ ہم ٹورنامنٹ سکیورٹی ڈائریکٹوریٹ، انگلش کرکٹ بورڈ اور دئگر متعلقہ حکام کے ساتھ مل کر مکمل حفاظت فراہم کرتے ہوئے سخت ترین سکیورٹی پلان یقینی بنائیں گے۔ انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے چیمپیینز ٹرافی کی سکیورٹی پر اٹھنے والے سوالات کے باعث ہنگامی اجلاس بھی طلب کر لیا ہے۔ اجلاس میں چیمپینز ٹرافی کھیلنے کیلئے انگلینڈ میں موجود کرکٹرز کی سکیورٹی اور تحفظ پر تبادلہ خیال کیا جائےگا۔ اگرچہ مانچسٹر شہر میں کوئی بھی میچ شیڈول نہیں لیکن اس کے باوجود دھماکے نے کھلاڑیوں اور ان کے متعلقہ بورڈز کو تشویش میں مبتلا کر دیا ہے۔ آئی سی سی مانچسٹر میں ہونےوالے واقعہ پر فکرمند ہیں اور کانفرنس کال طلب کی ہے جس میں مختلف ممالک میں موجود سٹیک ہولڈرز شامل ہوں گے۔بھارتی کرکٹ بورڈ اور دیگر کرکٹ بورڈ ز نے مانچسٹر دھماکے کے بعد ہنگامی اجلاس طلب کر لیا ہے۔بھارتی ٹیم کی چند دنوں میں روانگی بھی متوقع ہے۔ایونٹ کے آغاز میں 8 دن باقی رہ گئے ہیں جبکہ جن سٹیڈیمز میں میچ شیڈول ہیں وہ مانچسٹر شہر کے قریب ہی واقع ہیں۔ اجلاس میں مانچسٹر دھماکے کے بعد پیدا ہونے والی صورتحال سے متعلق تبادلہ خیال کیا جائے گا۔ میٹنگ میں بھارتی ٹیم کیلئے بک کئے گئے ہوٹل، ان کے سفر کے روٹ اور پریکٹس سیشن کے مواقع پر سکیورٹی کا جائزہ لیا جائےگا۔ بھارت نے 28 مئی کو نیوزی لینڈ اور 30 مئی کو بنگلہ دیش کےخلاف پریکٹس میچ بھی کھیلنا ہے۔