سنت نگر: پتنگ پکڑتے 6 منزلہ سرکاری سکول سے گر کر زخمی ہونیوالا طالب علم چل بسا
لاہور (نامہ نگار) سنت نگر میں پتنگ پکڑتے ہوئے 6منزلہ سرکاری سکول کی چھت سے نیچے گر کر زخمی ہونے والا میٹرک کا طالبعلم گزشتہ روز ہسپتال میں دم توڑ گیاہے۔ دیو سماج روڈ کے رہائشی چودھری ریاض کا 16 سالہ بیٹا طلحہ ریاض گھر سے ملحقہ 6منزلہ سرکاری سکول کی چھت سے پتنگ پکڑتے ہوئے نیچے گر کر شدید زخمی ہوگیاتھا۔ اسے طبی امداد کے لئے میو ہسپتال داخل کرا دیا گیاتھا ۔ جہاں دو روز زیر علاج رہنے کے بعدوہ گزشتہ روز زخموں کی تاب نہ ہوئے دم توڑ گیا ہے ۔اس کی ہلاکت پر گھر میں کہرام مچ گیا اور والدین پر غشی کے دورے پڑنے لگے۔ اہل علاقہ نے پتنگ بازی کے خونی کھیل پر قابو نہ پانے پر شدید احتجاج کیا ہے۔