اورنج ٹرین‘ 100 ارب کا بجٹ رکھ رہے ہیں‘ دسمبر میں چلے گی: رانا ثنا
لاہور (خصوصی نامہ نگار)صوبائی وزیر قانون رانا ثنا اللہ خان نے کہا ہے عمران خان الیکشن کمیشن تو نہیں جاتے جہاں پر انہیں بار بار بلایا جاتا ہے جبکہ سپریم کورٹ بھاگ بھاگ کر جاتے ہیں‘ گمراہی کا شکار عمران خان چاہتے ہیں گمراہ نوجوانوں کی فورس تیار کی جائے جسکا نقصان ہم مستقبل میں بھگتیں گے‘ اورنج ٹرین منصوبہ دسمبر تک مکمل ہوجائے گا، ٹرین منصوبے کو مکمل کرنے کیلئے سو ارب روپے رکھا جارہا ہے، سپیڈو بس میں کارڈ کے طریقہ کو آزمائشی طور پر دیکھا جا رہا ہے، یہ طریقہ کامیاب نہ ہوا تو تبدیل کیا جاسکتا ہے۔پنجاب اسمبلی کے باہر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا عدالت اورنج لائن ٹرین کے خلاف نہیں ، مسئلہ صرف ان لوگوں کا ہے جو یہ سمجھتے ہیں یہ منصوبہ مکمل ہوگیا تو انکی سیاست دفن ہوجائے گی۔ روٹ بدلنا پڑا یا یہی روٹ رہا اورنج لائن ٹرین منصوبے کو جلد مکمل کیا جائے گا۔ این این آئی کے مطابق انہوں نے کہا آزادی اظہار کی آڑ میں گمراہی نقصان دہ ہے، سوشل میڈیا پر کھلی آزادی دی جائے تو ’’را ‘‘ اور ہم میں کیا فرق رہ جائے گا۔