• news

ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں فورسز کی قربانیاں بے مثال ہیں: ڈی آئی جی فرنٹیئر کور

پاراچنار(آن لائن) ڈپٹی انسپکٹر جنرل فرنٹیئر کور نے کہا ہے کہ فورسز کے جوانوں نے فاٹا سمیت ملک بھر سے دہشت گردی کے خاتمے کیلئے بے مثال قربانیاں دی ہیں اور لازوال قربانیوں کے نتیجے میں دہشت گردوں کی کمر توڑ دی ہے۔ پاراچنار میں تربیت سے فارغ ہونے والے 422 ریکروٹس کی پاسنگ آوٹ پریڈ کی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے ڈپٹی انسپکٹر جنرل فرنٹئیر کور محمد یوسف مجوکہ نے کہا کہ ملک سے دہشت گردی کے خاتمے میں فورسز کی قربانیاں بے مثال ہیں اور فورسز کی لازوال قربانیوں خصوصا آپریشن ضرب عضب کی وجہ سے دہشت گردوں کی کمر توڑ دی گئی ہے۔ انہوں نے امید ظاہر کی کہ فورسز میں شامل ہونے والے جوان بھی ملک و قوم کی حفاظت کیلئے کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ چھ ماہ کی تریبت سے فارغ ہونے والے 422 جوانوں نے ملک کے وفادار رہنے کا حلف لیا اور اس عزم کا اظہار کیا کہ ملک و قوم کی خاطر وہ کسی بھی قربانی سے دریغ نہیں کرینگے۔ ڈپٹی انسپکٹر جنرل یوسف مجوکہ نے کمانڈنٹ کرم ملیشیا کرنل عمر ملک کے ہمراہ پریڈ کا معائنہ کیا اور بہترین کارکردگی پیش کرنے والے جوانوں میں انعامات تقسیم کئے گئے۔ تقریب میں فورسز اور پولیٹکل انتظامیہ کے افسران کے علاوہ کثیر تعداد میں قبائلی عمائدین اور زندگی کے مختلف شعبوں سے تعلق رکھنے والے افراد نے شرکت کی۔

ای پیپر-دی نیشن