طیاروں سے منشیات برآمدگی: پیپلز پارٹی نے قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس جمع کرا دیا
اسلام آباد (صباح نیوز)پاکستان پیپلز پارٹی نے قومی ایئر لائن کے طیاروں سے مسلسل منشیات برآمدگی کے واقعات پر قومی اسمبلی میں توجہ دلائو نوٹس جمع کرا دیا۔ جس میں مطالبہ کیا گیا کہ واقعے میں ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچایا جائے۔قومی اسمبلی میں توجہ دلاؤ نوٹس سید نوید قمر، اعجاز جاکھرانی، مصطفی شاہ ، عمران لغاری، شازیہ مری اور نفیسہ شاہ نے جمع کرایا۔ جس میں کہا گیا ہے کہ ایک ہفتے کے دوران قومی ایئر لائن کے طیاروں سے منشیات کی بر آمدگی ذمہ داران کی کارکردگی پر بڑا سوالیہ نشان ہے۔ واقعات قومی ایئرلائن کی ساکھ کو مجروح کرنے اور دنیا میں پاکستان کو بدنام کرنے کی سازش ہیں۔ لہذا حکومت فی الفور ملوث افراد کو کیفر کردار تک پہنچائے۔ واضح رہے گزشتہ روز کسٹم حکام نے لندن جانے والی پرواز سے20 کلو سے زائد ہیروئن برآمد کی تھی۔ اسی پرواز میں وزیراعظم کی صاحبزادی مریم نواز کو بھی لندن جانا تھا۔