• news

مانچسٹر حملہ‘ سلمان عبیدی کے والد اور بھائی لیبیا میں بکنگھم پیلس کے قریب چاقو بردار سمیت 4 گرفتار

مانچسٹر (عارف چودھری + نیوز ایجنسیاں+بی بی سی) مانچسٹر کنسرٹ میں داعش کی جانب سے خودکش بم دھماکے کے بعد خطرے کی سطح بلند کردی گئی ہے مزید حملوں کی روک تھام کےلئے آپریشن ٹیمپر شروع کردیا۔ شہر کی فضا سوگوار رہی‘ ہلاک ہونے والوں کیلئے دعائیہ تقریبات منعقد کی گئیں۔ اہم عمارتوں پر فوج تعینات کر دی گئی۔ شہر میں فوج نے گشت شروع کر دیا۔ برطانوی وزیراعظم نے یہ اعلان بھی کیا کہ ان کی حکومت نے دہشت گردوں سے نمٹنے اور ان کے متوقع حملوں کو ناکام بنانے کےلئے آپریشن ٹیمپر کا آغاز کردیا ہے۔ عوامی تقریبات میں بھی پولیس کی جانب سے اضافی سکیورٹی فراہم کی جائے گی۔ سوگ اور زخمیوں سے اظہار یکجہتی کے لیے پیرس کے ایفل ٹاور کی لائٹیں بجھا دی گئیں۔ بکنگھم پیلس، سلامتی کونسل اور امریکی ایوان نمائندگان اور پاکستان کی قومی اسمبلی میں ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی۔ سلامتی کونسل اور امریکی ایوان نمائندگان کے ارکان نے کھڑے ہوکر متاثرین سے اظہار یکجہتی کیا۔ اقوام متحدہ کے قائم مقام سیکرٹری جنرل نے دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے اسے شرمناک کارروائی قرار دیا۔ مانچسٹر میں ہزاروں افراد نے مرنے والوں کو خراج عقیدت پیش کیا اور ان کی یاد میں پھول رکھے۔ روسی وزیر خارجہ سرگئی لاروف نے کروشیا کے ہم منصب کے ساتھ ایک تقریب میں خطاب کرتے ہوئے مانچسٹر واقعے کی مذمت کی۔ پولیس نے مزید 3افراد کو گرفتار کرلیا۔ جن میں سلمان عبیدی کے والد بھائی بھی شامل اور برطانوی میڈیا کے مطابق مانچسٹر میں خود کش حملے کے ایک دن بعد ڈاکٹروں کا کہنا ہے دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد میں سے بیس کی حالت ابھی بھی تشویشناک ہے۔ دوسری طرف برطانوی وزیر داخلہ کا کہنا تھا مانچسٹر میں خود کش حملہ کرنے والے سلمان عبیدی نے غالباً یہ کارروائی اکیلے ہی انجام نہیں دی۔ برطانیہ میں مشکوک انتہا پسندوں کے پاسپورٹ پر خصوصی کوڈ لگائے جائیں گے۔ دہشت گردوں کی شہریت منسوخ اور مشکوک افراد کی حراست کا دورانیہ بڑھانے کا فیصلہ کرلیا گیا۔ برطانیہ انتہا پسندی کے خاتمہ کیلئے 500 ملین پونڈ خرچ کرے گا۔ شاہی خاندان وزیراعظم سمیت اہم افراد کی سکیورٹی کے لئے 70 سے زائد بم پروف گاڑیاں خریدی جائیں گی۔ ویسٹ منسٹر پیلس کو پولیس کے مشورے کے بعد غیر معینہ مدت تک عوام کے لئے بندکردیاگیا۔ دوسری جانب وزارت دفاع کے مطابق بکنگھم پیلس میں گارڈز کی تبدیلی کی تقریب منسوخ کر دی گئی ہے۔ آئی این پی کے مطابق برطانوی دارالحکومت لندن میں بکنگھم پیلس کے قریب سے چاقو بردار شخص کو گرفتار کرلیا گیا۔ برطانوی وزیرِ داخلہ امبررڈ نے کہا ہے کہ امریکہ کی جانب سے مانچسٹر میں خودکش حملہ کرنے والے شدت پسند سلمان عبیدی کے بارے میں برطانیہ سے پہلے معلومات ظاہر کرنے پر انھیں غصہ آیا ہے۔امبر رڈ نے کہا کہ برطانیہ تجسس کے عنصر کو برقرار رکھنے کے لیے معلومات کی ترسیل کو اپنے کنٹرول میں رکھنا چاہتا تھا۔ بی بی سی کے مطابق وزیرِ داخلہ نے کہا کہ انہوں نے امریکہ سے کہہ دیا ہے کہ ایسا دوبارہ نہیں ہونا چاہیے۔ امبر رڈ نے کہا کہ وہ اس بات کی تحقیق کریں گی کہ اداروں کے درمیان معلومات کے تبادلے کی وجہ سے کس طرح وقت سے پہلے یہ معلومات منظر عام پر آ گئیں انہوں نے کہا کہ برطانوی پولیس کا موقف بالکل واضح رہا ہے کہ وہ اپنے تحقیقاتی عمل کے تحفظ کے لیے معلومات کی ترسیل اپنی مرضی سے کرنا چاہتی ہے۔ ادھر نیٹو کے سیکرٹری کا کہنا ہے کہ داعش کے خلاف مخلوط اعتماد کا حصہ بنیں گے ۔ مانچسٹر دھماکہ کے حملہ آور کے والد اور بھائی کو لیبیا سے گرفتار کر لیا گیا۔ ترجمان لیبیا پولیس کے مطابق ح ملہ آور کے و الد رمضان عبیدی اور بھائی ہاشم عبیدی کو گفرتار کر لیاگیا۔

ای پیپر-دی نیشن