سپاٹ فکسنگ: ڈین جونز نے شرجیل کے حق میں بیان ریکارڈ کر ادیا
لاہور ( سپورٹس رپورٹر+نمائندہ سپورٹس ) پاکستان کرکٹ بورڈ کے اینٹی کرپشن ٹربیونل کے زیر اہتمام سپاٹ فکسنگ سیکنڈل کیس کی سماعت جاری ہے۔ خالد لطیف اور اس کے وکیل گذشتہ روز بھی احتجاجاً ٹریبونل کے سامنے پیش نہ ہوئے جبکہ شرجیل خان نے اپنے حق میں پہلے گواہ کا بیان ٹریبونل میں ریکارڈ کرا دیا۔نیشنل کرکٹ اکیڈمی میں شرجیل خان اپنے وکیل شیغان اعجاز کے ہمراہ ٹریبیونل کے سامنے پیش ہوئے، کرکٹر نے پی سی بی کی جانب سے لگائے گئے الزامات کے جواب میں ڈین جونز کو گواہ کے طور پر پیش کیا جنہوں نے وڈیو لنک کے ذریعے بیان ریکارڈ کرواتے ہوئے کہا کہ شرجیل خان نے چاروں بالز میرٹ پر کھیلیں۔ وکیل شیغان اعجاز نے کہا کہ ڈین جونز نے وڈیو لنک کے ذریعے بیان دیا کہ شرجیل خان نے چاروں بالز میرٹ پر کھیلیں، ڈین جونز کرکٹ کی ایک معتبر شخصیت ہیں اور ان کی رائے اہم ہے۔پی سی بی کے قانونی مشیر تفضل رضوی نے کہا کہ خالد لطیف کے وکیل کی جانب سے کارروائی کو سیکنڈلائز کرنے کی کوشش کی گئی۔ خالد لطیف کی جانب سے اعتراضات داخل کرنے کا وقت ختم ہو گیا ہے۔