’’سرحد پار دہشت گردی‘‘ بھارت پاکستان کے خلاف تادیبی اقدامات پر غور کر رہا ہے: امریکی عہدیدار
واشنگٹن (آن لائن) امریکی اعلیٰ عہدیدار نے کہا ہے کہ بھارت پاکستان کو سفارتی سطح پر تنہا کرنے کی جانب پیشرفت کر رہا ہے اور سرحد پار دہشتگردی کی معاونت کے الزام میں اسلام آباد کے خلاف تادیبی اقدامات پر بھی غور کر رہا ہے، غیر ملکی خبررساں ادارے کے مطابق ڈیفنس انٹیلی جنس ادارے کے ڈائریکٹر لیفٹیننٹ جنرل وینسنٹ سٹیورٹ نے سینٹ آرمڈ سروسز کمیٹی کی سماعت کے دوران اراکین کو بتایا کہ بھارت بحیرہ ہند میں بھارتی مفادات کے تحفظ اور ایشیا بھر میں اپنی معاشی اور سفارتی رسائی کو بہتر بنانے کیلئے اپنی فوج میں جدت پیدا کر رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ بھارت میں متعدد دہشتگردانہ حملوں کے بعد دونوں ممالک کے درمیان تعلقات انتہائی کشیدہ ہیں۔ انہوں نے اراکین کو مزید بتایا کہ 2017ء میں بھارت پاکستان کی مغربی سرحد کے ساتھ روایتی انسداد دہشتگردی آپریشنز کی بتدریج منتقلی اور ملک بھر میں پیراملٹری آپریشنز کا امکان ہے۔