پھولنگر: لیسکو اہلکاروں کی غفلت‘ ایک ہی خاندان کے 4 افراد تار چھو جانے سے جھلس گئے
پھول نگر(نامہ نگار) پھول نگر محلہ برکت ٹائون میں لیسکو کی غفلت کے باعث ایک ہی خاندان کے چار افراد بجلی کے چھو جانے سے جھلس گئے، جھلسنے والوں میں دو بچے اور دو مرد شامل ہیں، حالت تشویشناک ہونے کے باعث جناح ہسپتال لاہور ریفر کردیا گیا، اہل علاقہ نے لیسکو کے خلاف احتجاجی مظاہرہ کیا، تھانہ سٹی پولیس اور صدر پولیس موقع پر پہنچ گئیں۔ محلہ برکت ٹائون میں نورالعارف کے گھر بجلی بند ہونے سے پانی نہیں تھا اس نے دوسری جگہ سے بجلی حاصل کی، اس نے اپنی چھت پر تار پھینکی تو دو بچے صدف، بلال اور دو مرد منظور اور عارف جھلس گئے جنہیں فوری طور پر طبی امداد کیلئے مقامی ہسپتال میں لایا گیا حالت تشویشناک ہونے کے پیش نظر جناح ہسپتال ریفر کردیا گیا۔ ہسپتال ذرائع کے مطابق جھلسنے والے افراد کا جسم 80فیصد جھلس گیا تھانہ سٹی پولیس اور تھانہ صدر پولیس کے ایچ اوز موقع پر پہنچ گئے اہل علاقہ کی کثیر تعداد نے لیسکو کے خلاف سخت نعرے بازی کی۔ مطالبہ کیا کہ ہمارے گھروں کی چھتوں سے گزرنے والی گیارہ ہزار کے وی کو اونچا کیا جائے۔ اہل علاقہ نے مطالبہ کیا کہ ہم نے ایس ڈی او سرفراز نگر کو کئی مرتبہ کہا کہ ہماری بجلی بحال کی جائے، ایس ڈی او کہتا ہے کہ آپ کے علاقے کے وولٹیج زیادہ ہے ٹرانسفارمر نہیں ہے جب زیادہ وولٹیج والا ٹرانسفارمر آئیگا لگا دینگے۔