کول پاور پراجیکٹ ’’شہباز سپیڈ‘‘ کا عملی نمونہ ہے، چینی گروپ کے نائب صدر کا وزیراعلیٰ کو خراج تحسین
لاہور (خصوصی رپورٹر) ساہیوال کول پاور پراجیکٹ پر کام کرنے والے چینی گروپ ہیوانگ (Huaneng) کے نائب صدر وین ونژونگ (Mr. Wang Wenzong) اور ان کے وفد نے ملاقات کے دوران پنجاب کے وزیراعلیٰ شہبازشریف کو ساہیوال کول پاور پراجیکٹ کی مقررہ مدت سے قبل تکمیل پر مبارکباد دی۔ ہیوانگ گروپ کے نائب صدر وین ونزونگ نے اس موقع پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ وزیراعلیٰ شہبازشریف کی ولولہ انگیز قیادت میں ساہیوال کول پاور منصوبے کو انتہائی برق رفتاری سے مکمل کیا گیا ہے جو ’’شہباز سپیڈ‘‘ کا عملی نمونہ ہے اور اس منصوبے کی تکمیل میں وزیراعلیٰ شہبازشریف نے ہر سطح پر بھرپور تعاون فراہم کیا ہے ۔ انہوں نے وزیراعلیٰ شہبازشریف کی توانائی بحران کے خاتمے کیلئے کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہا کہ انہوں نے توانائی منصوبوں کو عملی شکل دینے میں دن رات ایک کررکھا ہے۔ چین میں بھی شہباز شریف کی محنت اور کام کرنے کی غیر معمولی صلاحیتوں کو سراہا جاتا ہے اور پاک چین دوستی کو آگے لے جانے اور دونوں ممالک کے مابین معاشی تعاون بڑھانے کے حوالے سے بھی شہبازشریف کا کردار نمایاں ہے۔