• news

دہشتگردی کی جنگ میں پاکستان کی کامیابیوں سے افریقی ممالک فائدہ اٹھاسکتے ہیں: صدر ممنون

اسلام آباد(سپیشل رپورٹ) صدر مملکت ممنون حسین نے کہا ہے کہ پاکستان نے دہشت گردی کے خلاف جنگ میں بڑی کامیابیاں حاصل کی ہیں اور افریقی ممالک دہشت گردی سے نمٹنے کے لئے پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے یہ بات ایوان صدر میں افریقی ممالک کے سفیروں کے اعزاز میں دیئے گئے ظہرانے سے خطاب کرتے ہوئے کہی جس میں جنوبی افریقہ، تیونس، کینیا، الجزائر، مصر، صومالیہ، سوڈان، مراکش، نائیجیریا ، ماریشیس اور لیبیا کے سفیر اور ہائی کمشنر شریک تھے۔ اس موقع پر صدر مملکت نے افریقی یونین کے قیام کی 54 ویں سالگرہ پر سفیروں کو مبارک باد بھی دی۔ اس موقع پر وزیراعظم کے مشیر برائے امور خارجہ سرتاج عزیز، سیکرٹری خارجہ تہمینہ جنجوعہ اور دیگر اعلیٰ حکام بھی موجود تھے۔ انہوں نے کہا کہ افریقی ممالک اس سلسلے میں پاکستان کے تجربے سے فائدہ اٹھا سکتے ہیں۔ انہوں نے افریقی ممالک کو دفاع اور خارجہ امور سمیت مختلف شعبوں میں افسروں کی تربیت کی پیشکش بھی کی۔ صدر مملکت ممنون حسین نے اعلیٰ تعلیم کے حصول کے لئے خواتین کو یکساں مواقع کی فراہمی پر زور دیتے ہوئے کہا ہے کہ تعلیم یافتہ خواتین قومی ترقی کے فروغ میں اہم کردار کی حامل ہیں۔ بدھ کو یہاں رفاہ انٹرنیشنل یونیورسٹی میں خواتین کے کیمپس کی افتتاحی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے صدر نے کہا کہ یہ امر ضروری ہے کہ خواتین اعلیٰ تعلیم حاصل کریں اور مختلف شعبہ ہائے حیات میں اپنا کردار ادا کریں تاکہ قومی ترقی کی رفتار تیز ہو۔ صدر نے کہا کہ تیز رفتار ترقی کیلئے خواتین کو اپنا مؤثر کردار اداکرنا ہے۔ انہوں نے تجویز کیا کہ ایلیمنٹری اور پرائمری سطح کی تعلیم کا شعبہ خواتین کو سونپ دیا جائے کیونکہ وہ کمسن طالب علموں کے ساتھ بہتر انداز میں برتائو کرتے ہوئے مضبوط علمی بنیاد کے ساتھ نئی نسل تیار کر سکتی ہیں۔ صدر نے کہا کہ اس ضمن میں رفاہ یونیورسٹی نے طالبات کے لئے الگ کیمپس قائم کر کے ایک درست قدم اٹھایا ہے۔ انہوں نے تجویز کیا کہ ملک کی دیگر یونیورسٹیوں کو بھی اس کی پیروی کرنی چاہئے۔ تقریب میں رفاہ یونیورسٹی کے چانسلر حسن محمد خان اور وائس چانسلر ڈاکٹر انیس احمد بھی موجود تھے۔

ای پیپر-دی نیشن