مسلمان اور ہندو خواتین نے اپنے گردے دے کر ایک دوسرے کے شوہر کی جان بچا لی
نئی دہلی(صباح نیوز) بھارت میں ایک مسلم خاتون نے ہندو اور ہندو خاتون نے مسلم مرد کو اپنا اپنا گردہ دے کر ایک دوسرے کے شوہروں کی جانیں بچا لیں۔ بھارتی ریاست یوپی کے علاقے گریٹر نوئیڈا کے اکرام اور باغ پت کے رہائشی راہول ورشت کے گردے ناکارہ ہوچکے تھے۔گردوں کی پیوندکاری کے لیے ان دونوں کی بیویوں نے اپنے شوہروں کو اپنا گردہ عطیہ کرنا چاہا مگر رضیہ اور اکرام کا بلڈ گروپ الگ تھا، اسی طرح پوترا اور راہول کا خون بھی میچ نہیں کر پایا جس کے بعد دونوں کی زندگیاں خطرے میں پڑگئیں۔ دونوں خواتین نے ایک دوسرے کے شوہروں کو اپنا گردہ عطیہ کرنے کی پیشکش کی۔ ٹیسٹ کے بعد پتہ چلا کہ دونوں کے گردے میچ کر رہے ہیں، جس پر ان چاروں کو ہسپتال میں داخل کرلیا گیا۔ پانچ گھنٹوں پر محیط کامیاب آپریشن کے بعد رضیہ کا گردہ راہول اور پوترا کا گردہ اکرام کو لگا دیا گیا۔ چاروں کو مکمل صحت یاب قرار دے کر ہسپتال سے ڈسچارج کردیا گیا ہے۔