,کراچی: سمندر میں نہانے پر 6 ماہ کیلئے پابندی، ایک اور نعش نکال لی گئی
کراچی(آئی این پی) سندھ حکومت نے دفعہ 144 نافذ کرتے ہوئے کراچی کے ساحلِ سمندر پر نہانے پر 6 ماہ کی پابندی عائد دی۔بد ھ کو محکمہ داخلہ سندھ کی جانب سے جاری ہونے والے نوٹیفکیشن کے مطابق حکومت نے عوام کے جانی نقصان کے پیش نظر ان کی حفاظت کے لیے کراچی کے ساحلوں پر نہانے پر پابندی عائد کی۔ پابندی کی خلاف ورزی کرنے والوں کے خلاف سیکشن 188 کے تحت کارروائی کرتے ہوئے مقدمہ درج کیا جائے گا۔پابندی کا اطلاق 24 مئی سے ہوگیا جبکہ اس کے علاوہ علاقہ ایس ایس پی کو ہدایات جاری کی گئی ہیں کہ وہ اپنے تمام اسٹاف کی مدد سے پابندی پر عمل درآمد کو یقینی بنائیں۔ واضح رہے کہ گذشتہ روز کراچی کے 2 مختلف ساحلوں پر چند گھنٹوں کے دوران 3 نوعمر طالب علموں سمیت 4 افراد ڈوب کر جاں بحق ہو گئے تھے۔14 مئی کو ساحل سمندر پر تفریح کے لیے جانے والے 4 افراد نہاتے ہوئے سمندر میں ڈوب کر ہلاک ہوگئے تھے۔ دریں اثنا ہاکس بے سینڈزپٹ پر سمندر میں ڈوبنے والے نوجوان کی نعش کو نکال لیا گیا جس کی شناخت حمزہ ظفرکے نام سے ہوئی۔ گزشتہ روز ہاکس بے سینڈز پٹ پر پکنک پر جانے والے چار طلبہ ڈوب گئے تھے۔ علی اور اظہار کی نعشیں نکال لی گئیں تھیں۔