• news

سرمایہ کاروں کی ترغیب کیلئے فرانس میں پاکستانی سفیر کا کوندے نارمنڈی سمیت متعدد مقامات کا دورہ

پیرس ( صاحبزادہ عتیق سے ) فرانس میں پاکستان کے سفیر معین الحق نے فرانسیسی سرمایہ کاروں، کاروباری افراد اور تاجروں کو پاکستان میں سرمایہ کاری، تجارت اور کاروبار کی ترغیب دینے کیلئے فرانس کے علاقے نارمنڈی کا تین روزہ دورہ کیا۔ تین بڑے شہروں کین، ارومانچس اور کوندے نارمنڈی کے میئروں نے سفیر کے اعزاز میں عشائیے بھی دیئے۔ سفیر نے سینیٹر پاسکل آلیزاڈ جوکہ فرانسیسی سینٹ میں پاکستان فرانس دوستی کے صدراور نارمنڈی کے میئر ہیں کو ان کے دورے کیلئے شاندار انتظامات پرخراج تحسین پیش کیا۔ انہوں نے کہا ان کا یہ دورہ سفارت خانہ پاکستان کی ان کوششوں کا حصہ ہے جو کہ وہ فرانس کے مختلف شہروں اور علاقوں میں فرانسیسی تاجروں، کاروباری افراد اورسرمایہ کاروں کے ساتھ مل کر انہیں پاکستان میں تجارت، سرمایہ کاری اور کاروبار کے وسیع تر مواقع کے بارے میں آگاہ کرنا اور انہیں پاکستان کے ساتھ کاروبار کی ترغیب دینا شامل ہے۔ سفیر نے فرانس کی مشہور ڈیری کمپنی ایزگنی سینٹ میری کا بھی دورہ کیا۔کمپنی کے ڈائریکٹر ایکسپورٹ کیمل مینسلی نے مصنوعات کے معیار کے بارے میں تفصیلی بریفنگ دی۔ سفیر نے کہا کہ پاکستان بنیادی طور پر ایک زرعی ملک ہے اور پاکستان اپنی زرعی پیداوار کو جدید اور سائنسی بنیادوں پر استوار کرنے کی خواہش رکھتا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن