پاکستان، ایران تعلقات بہتر بنانے کے خواہشمند ہیں: عبدالغفور حیدری
اسلام آباد (صباح نیوز) پاکستان اور ایران دوطرفہ برادرانہ تعلقات رکھتے ہیں اور جمعیت علماء اسلام کی ہمیشہ کوشش رہی ہے کہ پاک ایران تعلقات کو بہتر سے بہتر بنایا جائے۔ دہشت گردی ایک عالمی مسئلہ بن چکا ہے اور بہت سی عالمی قوتیں اسکی سر پرستی بھی کر رہی ہیں۔ ان خیالات کا اظہا ر ڈپٹی چیئرمین سینیٹ نے ایران کے سفیر مہدی ہُنر دوست سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ ایران کے سفیر نے ڈپٹی چیئرمین کی پمز ہسپتال میں عیادت کرتے ہوئے انکی جلدصحت یابی کیلئے دعا کی۔ ڈپٹی چیئرمین نے کہا کہ اس خطے بشمول ایران، افغانستان میں بیرونی طاقتوں کے ایجنٹ موجود ہیں جو امن و استحکام کیخلاف کام کررہے ہیں۔ ایرانی سفیر نے کہا کہ ہمار ا خدا، پیغمبر اور کتاب ایک ہے مگر ہم فرقہ پرستی میں بٹے ہوئے ہیں۔ دہشت گردی، قتل و غارت کی خبریں صرف مسلم ممالک سے ہی کیوں آتی ہیں۔ انہوں نے کہا ایسے اقدامات اٹھائیں جائیں کہ ان مسائل کا تدارک کیا جا سکے ۔ ڈپٹی چیئرمین سینیٹ سے سابق وزیراعلیٰ بلوچستان سردار اختر مینگل ،سینیٹر ڈاکٹر جہانزیب جمالدینی، معروف صحافی ، دانشور اور تجزیہ کار حافظ طاہر خلیل، ایڈیشنل سیکرٹری سینیٹ سیکرٹریٹ محمد انور ، جوائنٹ سیکرٹریز ربیعہ انور ، حفیظ اللہ شیخ اور شوکت جاوید نے بھی ڈپٹی چیئرمین کی عیادت کرتے ہوئے جلد صحت کی دعا کی ۔ ڈپٹی چیئرمین نے ملاقات کے دوران کہا کہ طاقت کا سر چشمہ اللہ تبارک تعالیٰ کی ذات ہے ۔ مستونگ دھماکے میں اپنی گاڑی میں ارد گرد نعشوں کو دیکھ کریقین نہیں آتا کہ میں زندہ ہوں میرا بچنا کسی معجزے سے کم نہیں ہے۔ دریں اثنا جے یو آئی (ف) کے صوبائی ڈپٹی سیکرٹری اطلاعات پنجاب چوہدری عبدالجبار اور دیگر چکوال ،تلہ گنگ کے ضلعی قائدین نے عیادت کی۔