اسلام آباد: لندن، مانچسٹر کیلئے پی آئی اے پروازوں کی پھر غیر معمولی تلاشی
اسلام آباد(صباح نیوز)اسلام آباد میں پی آئی اے کی لندن اور مانچسٹر کی پروازوں کی بدھ کو پھر غیر معمولی تلاشی لی گئی جس کے باعث پروازیں چار گھنٹے تاخیر سے روانہ ہوئیں، طویل انتظار سے مسافر اذیت کا شکار رہے۔ ایئرپورٹ ذرائع کے مطابق اسلام آباد سے لندن جانے والی پرواز پی کے 785اور مانچسٹر جانے والی پرواز پی کے 701 تاخیر کا شکار تھی۔ ترجمان پی آئی اے کا کہنا ہے کہ ہیروئین برآمد ہونے کے بعد عملہ کی چیکنگ سخت کر دی، مختلف ادارے تلاشی کے عمل میں شریک ہیں۔ پی کے 785کو لندن کے لیے 10بج کر 20منٹ پر روانہ ہوناتھا جبکہ پی کے 701کو 10بج کر 5منٹ پر مانچسٹر روانہ ہونا تھا۔ مسافروں نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایاکہ پی آئی اے کا عملہ غائب تھا۔ بورڈنگ ساڑھے نو بجے بند ہوگئی تھی۔