• news

تربت میں نیول ایئرسٹیشن فعال، سی پیک کو درکار معاونت حاصل ہوگی: خواجہ آصف

تربت (نامہ نگار)تربت میں قائم نیول اسٹیشن پی این ایس صدیق کی فعالی کی تقریب گزشتہ زوز تربت بلوچستان میں منعقد ہوئی۔ وزیرِ دفاع خواجہ محمد آصف تقریب کے مہمان خصوصی تھے۔ چیف آف نیول سٹاف ایڈمرل محمد ذکاء اللہ بھی اس موقع پر موجود تھے۔ وزیر دفاع خواجہ محمد آصف نے خطاب میں کہا کہ یہ اہم نیول بیس وطنِ عزیز کے دفاع کے حوالے سے پاک بحریہ کی صلاحیتوں میں اضافہ کا باعث ہوگی جس کی بدولت بحیرہ عرب میںمزید بحری استحکام حاصل ہوگا اور خصوصاََمغرب کی سمت ہمارے اسٹریٹجک پھیلاؤ میں معاونت ملے گی۔ انہوں نے کہا کہ نیول ایئر سٹیشن تربت کا دوہرا استعمال بحری دفاع کے ساتھ ساتھ اقتصادی طور پر بھی مفید ثابت ہوگا۔ وزیر دفاع نے مزید کہا کہ نیول ائیر اسٹیشن تربت سی پیک منصوبے کو درکار معاونت فراہم کرنے کے ساتھ ساتھ نقل و حمل کے لیے فضائی رابطے اور بحری آپریشنز کے لیے بیس کے طور پر بھی موثرثابت ہوگا۔ بلوچستان خطوں کے درمیان رابطے کی حیثیت سے پاکستان کے اہم ترین داخلی راستے کا کردار ادا کرے گا۔ انہوں نے پاک بحریہ کو مستحکم کرنے کیلئے حکومت کی جانب سے ہر ممکن تعاون کا یقین دلایا تاکہ پاک بحریہ اپنی ذمہ داریاں مزید موثر اور احسن طرقے سے ادا کر سکے۔

ای پیپر-دی نیشن