وزیراعلی نے لاہور ہائیکورٹ کیلئے 14نئی گاڑیاں خریدنے کی منظوری دیدی
لاہور ( معین اظہر سے) لاہو رہائیکورٹ کے لئے 14 نئی گاڑیوں کے لئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کرنے کی منظوری دے دی گئی ہے ۔ لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کی طرف سے لکھے لیٹر میں کہا گیا تھا لاہور ہائیکور ٹ کے ججز کو مختلف بنچوں میں سماعت کے لئے راولپنڈی ، ملتان ، بہاولپور جانا پڑتا ہے جبکہ ان کو فراہم کی گئی ٹرانسپورٹ اچھی حالت میں نہیں چیف جسٹس لاہور ہائیکورٹ کے حکم پر متعد د گاڑیاں کی نیلامی کرکے 2 کروڑ 58 لاکھ روپے سرکاری خزانے میں جمع کرائے گئے ہیں ملک کی موجودہ امن امان کی صورتحال کے پیش نظر ججوں کے پاس گاڑیاں اچھی حالت میں ہونی چاہیے جس پر محکمہ آئی اینڈ سی کی طرف سے 1800 سی سی کی 14 نئی گاڑیوں کا کیس منظور کر لیا ہے۔ تفصیلات کے مطابق سیکرٹری ائی اینڈ سی کی طرف سے وزیر اعلی کو لاہور ہائیکورٹ کے رجسٹرار کے لیٹر کے ساتھ سمری بھجوائی گئی تھی جس میں کہا گیا تھا لاہور ہائیکورٹ کی جانب سے 14 نئی گاڑیوں کی ڈیمانڈ بھجوائی گئی تھی جس کے لئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے کی منظوری دی جائے۔ کیونکہ چیف کار پرچیز کمیٹی لاہور ہائیکورٹ نے اس خریداری کی منظوری دی ہے۔ جسٹس محمد انوار الحق ، جسٹس محمد فرخ نے اپنی سفارشات میں کہا ہے حکومت پاکستان کے لاء اینڈ جسٹس ڈویژن کے لیٹر نمبر F.5(2)/87-AII کے تحت لاہور ہائیکورٹ کے ججز کو 1800 سی سی گاڑی کی سہولت میسر ہوتی ہے اسلئے 1800 سی سی ہونڈا سوک گاڑی جس کی فی گاڑی قیمت 25 لاکھ 78 ہزار روپے ہے ۔ اس کے لئے 3 کروڑ 60 لاکھ روپے جاری کئے جائیں جبکہ ان گاڑیوں کی رجسٹریشن پر 7 لاکھ 71 ہزار روپے خرچ آئے گا۔ وہ پیسے بھی جاری کئے جائیں۔ جس پر وزیر اعلی پنجاب نے اس رقم کی منظوری دے دی ہے۔