• news

ڈیزائن بنا کر داڑھی کی توہین نہ کی جائے اوڑماڑہ میونسپل کمیٹی کی حجاموں کو ہدایت

گوادر(نیٹ نیوز) بلوچستان کے ضلع گوادر کے شہر اوڑماڑہ میں میونسپل کمیٹی نے حجاموں کو داڑھیوں کے ڈیزائن نہ بنانے کی ہدایت کی ہے اور کہا ہے کہ داڑھی میں اسلامی کٹ بنایا جائے۔ اوڑماڑہ بلوچستان کا ساحلی شہر ہے، جس کے آس پاس نیول بیس اور کیڈٹ کالج بھی واقع ہیں۔ یہ شہر اوڑماڑہ کینٹ اور سول آبادی کی میونسپل کمیٹی پر مشتمل ہے جس کی سویلین آبادی 35 ہزار کے قریب بتائی جاتی ہے۔میونسپل اوڑماڑہ کے چیئرمین عامر اقبال نے بی بی سی کو بتایا کہ ماہِ رمضان میں اشیائے خور و نوش کے نرخ کے تعین کے لیے اجلاس طلب کیا گیا تھا، جس میں دکانداروں کے علاوہ حجام بھی شریک تھے۔ اس اجلاس میں حجاموں کو ہدایت کی گئی کہ داڑھی کی توہین نہ کی جائے۔ جمعیت علمائے اسلام فضل الرحمان گروپ کے رکن مولوی محمد امین کی نشاندہی پر یہ ہدایت جاری کی گئی۔مولوی محمد امین نے بی بی سی کو بتایا کہ انھوں نے حجاموں کو ہدایت کی ہے کہ جو شخص داڑھی رکھنا چاہے وہ رکھے اور جو شیو کرنا چاہے وہ کرے لیکن داڑھی کے ڈیزائن نہ بنائے جائیں۔ ’کچھ لڑکے فیشن کے طور پر چہرے پر سانپ کی طرح لکیریں اور نقشے بناتے ہیں، جو درست نہیں ہے۔ ہم نے حجاموں کو کہا ہے کہ یہ فیشن وغیرہ نہ کرو، جو داڑھی نہیں رکھتا تو نہ رکھے لیکن توہین تو نہ کرے۔‘ مولوی محمد امین نے بتایا کہ عام لوگوں نے ان سے شکایت کی تھی جس کی بنیاد پر انھوں نے حجاموں کو یہ ہدایت کی ہے، اب اس پر وہ زبردستی عمل درآمد نہیں کرا سکتے کیونکہ ان کے پاس قانونی اختیارات نہیں اس لیے انھوں نے زبانی ہدایت جاری کی ہیں۔

ای پیپر-دی نیشن