• news

غربت‘ گھریلو جھگڑا‘ ملتان میں ماں نے 2 بچوں کو قتل کر کے خودکشی کر لی

ملتان (کرائم رپورٹر) تھانہ قطب پور کے علاقہ میں غربت اور گھریلو جھگڑے کی وجہ سے ماں نے مبینہ طور پر دو بچوں کو قتل کر کے خود کشی کر لی۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لے کر واقعہ کی تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ تفصیل کے مطابق نیاز ٹاؤن پرانا شجاع آباد روڈ کا رہائشی حاجی محمد محنت مزدوری کے لئے گھر سے باہر گیا۔ دوپہر کو وہ کھانا کھانے کے لئے گھر آیا تو کمرے میں اس کی 30 سالہ بیوی کشور بی بی‘ 5 سالہ بیٹی شمائلہ اور 2 سالہ بیٹے حسنین کی نعشیں پڑی تھیں۔ واقعہ کی اطلاع پر پولیس اور ریسکیو 1122 کا عملہ موقع پر پہنچ گیا۔ پولیس نے نعشیں قبضہ میں لے لیں اور کمرے سے شواہد حاصل کر کے تحقیقات شروع کر دی ہیں۔ پولیس کا کہنا ہے کہ بظاہر خود کشی کا واقعہ معلوم ہوتا ہے تاہم پوسٹ مارٹم رپورٹ اور دیگر شواہد کی روشنی میں تفتیش کی جائے گی۔ پولیس نے شک کی بنیاد پر کشور بی بی کے شوہر حاجی محمد اور دیگر دو افراد کو شامل تفتیش کر لیا ہے۔ بتایا جاتا ہے کہ نیاز ٹاؤن کے رہائشی حاجی محمد کی شادی 6 سال قبل کشور بی بی سے ہوئی تھی۔ دونوں میں گھریلو جھگڑے کی وجہ سے کشور بی بی ناراض ہو کر اپنے والدین کے گھر چلی گئی تھی۔ حاجی محمد دو روز قبل اپنی بیوی کو منا کر واپس لایا تھا۔ اہل علاقہ کا کہنا ہے کہ حاجی محمد کا اکثر اپنی بیوی کے ساتھ جھگڑا رہتا تھا جبکہ حاجی محمد نے بتایا کہ وہ گدھا ریڑھی چلاتا ہے وہ دوپہر کو واپس آیا تو اس کے بیوی بچے کمرے میں مردہ حالت میں پڑے تھے۔ پولیس کی ابتدائی تفتیش کے مطابق کشور بی بی نے دو بچوں کو کالا پتھر پلایا‘ پھر خود بھی کالا پتھر پی کر خود کشی کر لی۔ جائے وقوعہ سے کالا پتھر بھی ملا ہے۔ کشور بی بی کے والد نے بتایا کہ حاجی محمد سے وٹے سٹے کی شادی تھی۔ حاجی محمد اکثر اس کی بیٹی کو تشدد کا نشانہ بناتا تھا۔ پولیس مختلف پہلوؤں پر مصروف تفتیش ہے۔

ای پیپر-دی نیشن