• news

سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا

اسلام آباد(صباح نیوز) سپریم کورٹ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک پر پابندی سے متعلق سندھ ہائیکورٹ کا فیصلہ معطل کر دیا۔جمعرات کوچیف جسٹس ثاقب نثارکی سربراہی میں سپریم کورٹ کے 3 رکنی بینچ نے کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پر پابندی سے متعلق سندھ ہائی کورٹ کے فیصلے کے خلاف کراچی پورٹ ٹرسٹ، سندھ حکومت اور ٹرانسپورٹر تنظیموں کی جانب سے دائر درخواستوں کی سماعت کی۔ عدالت نے سندھ ہائی کورٹ کے حکم کے خلاف تمام اپیلیں سماعت کے لئے منظور کرلیں۔سماعت کے دوران سپریم کورٹ نے عدالت عالیہ کا فیصلہ معطل کرتے ہوئے قرار دیا کہ نقل و حرکت پر پابندی بنیادی حقوق کی خلاف ورزی ہے۔ سندھ ہائی کورٹ کا حکم سپریم کورٹ کے 17 اگست 2007 کے فیصلے کی خلاف ورزی ہے۔ عدالت کے حکم سے پورا کاروباری نظام جام ہو گیا۔ عدالت عظمی نے فریقین کو نوٹس جاری کرتے ہوئے سماعت غیر معینہ مدت کے لئے ملتوی کردی۔واضح رہے کہ سندھ ہائیکورٹ نے 31مارچ کو کراچی میں ہیوی ٹریفک کے داخلے پرپابندی عائد کرتے ہوئے ریمارکس دئیے تھے کہ ہیوی ٹریفک سے بھی دہشت گردی پھیلائی جارہی ہے، 15ماہ میں 250افرادکو ٹریفک حادثات میں ماردیا گیا۔

ای پیپر-دی نیشن