مشال خان قتل: مردان یونیورسٹی کا گارڈن کیمپس بھی کھل گیا، مزید دو طلبا گرفتار
مردان(آئی این پی) مشال خان کے بہیمانہ قتل کے بعد بند کی گئی عبدالولی خان یونیورسٹی کا گارڈن کیمپس 42 روز کے بعد دوبارہ کھول دیا گیا۔ میڈیا رپورٹس کے مطابق مشال خان کے قتل کے 40 روزبعد مردان یونیورسٹی کے مین کیمپس سمیت بونیر، چترال اور پبی کیمپسز میں تدریسی عمل بحال کردیا گیا تھا تاہم دوروز بعد گارڈن کیمپس بھی کھل گیا ۔ کیمپس کھلتے ہی طلباء اور طالبات بھی حصول علم کے لیے پہنچ گئے جب کہ یونیورسٹی کے داخلی وخارجی راستوں پر سکیورٹی کے بھی سخت انتظامات کیے گئے۔ ہاسٹل میں مرمت کا کام جاری ہے، چند روز میں ہاسٹل بھی کھول دیا جائے گا۔ دوسری جانب پولیس نے یونیورسٹی کے ہاسٹل میں چھاپہ مار کر مزید دو طلبا کو گرفتار کر لیا، ڈی پی او مردان کا کہنا ہے کہ ہمارا بنیادی مقصد یونیورسٹی اور اس کے ہاسٹل کو اسلحے سے پاک کرنا ہے، ہمیں آپریشن کے دوران ہاسٹل سے کافی اسلحہ اور دوسری ممنوعہ چیزیں ملی تھیں جب کہ گرفتار کئے افراد کے کمروں سے بھی اسلحہ ملا تھا۔