ہیتھرو ائر پورٹ پر جہاز سے منشیات کی مخبری پاکستان سے ہوئی: ترجمان پی آئی اے
اسلام آباد (صباح نیوز) پی آئی اے کے حکام اور دیگر تحقیقاتی ادارے کئی دن گزرنے کے بعد بھی اب تک طیارے میں ہیروئن رکھنے والے شخص کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں۔ 22مئی کو بے نظیر انٹرنیشنل ائیرپورٹ سے لندن جانے والی پی آئی اے کی فلائٹ 785سے کروڑوں روپے مالیت کی ہیروئن برآمد ہوئی تھی تاہم اب تک پی آئی اے اور دیگر تحقیقاتی ادارے اس بات کا سراغ لگانے میں ناکام ہیں کہ آخر اتنی بڑی مقدار میں منشات سمگل کرنے والا شخص کون تھا۔ پہلے روز انسداد منشیات فورس (اے این ایف)کی جانب سے تحقیقات کے لیے حراست میں لیے گئے 3 خواتین سمیت پی آئی اے کیٹرنگ، سکیورٹی اور صفائی ستھرائی پر مامور عملے کے 19 ارکان کو اگلے ہی روز گھر جانے کی اجازت دے دی گئی تھی تاہم اینٹی نارکوٹکس فورس نے تفتیش کے بعد رہا کئے گئے 7 افراد کو دوبارہ تحویل میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔ حراست میں لئے گئے 5 افراد کا تعلق کیٹرنگ اور 2 کا سکیورٹی سے ہے۔ترجمان پی آئی اے مشہود تاجور کا کہنا تھا پی آئی اے اور سول ایوی ایشن اتھارٹی میں موجود منشیات سمگلنگ میں ملوث کالی بھیٹروں کی تلاش کا عمل جاری ہے اور تحقیقاتی اداروں میں انسداد منشیات فورس، کسٹم اوراے ایس ایف کے حکام شامل ہیں۔ ترجمان نے اس بات کا بھی انکشاف کیا 15 مئی کو لندن کے ہیتھرو ائیرپورٹ پر پی آئی اے کے جہاز میں منشیات موجودگی کی مخبری پاکستان سے ہی ہوئی تھی۔