سپریم کورٹ کے حکم پر حج کوٹہ کی منصفانہ تقسیم کیلئے کمیٹی بنا دی: سردار یوسف
لاہور (خبر نگار) وفاقی وزیر برائے حج و مذہبی امور سردار محمد یوسف کا کہنا ہے کہ سپریم کورٹ کے حکم پر حج کوٹہ کی منصفانہ تقسیم کیلئے کمیٹی بنادی اور حج پہلے سے سستا کردیا، حج و عمرہ کیلئے پہلی بار بل تیار کرلیا گیا ہے۔ ملک میں ایک ہی دن عید کیلئے کوششیںکررہے ہیں، وزیراعظم سمیت کسی کو بھی خصوصی کوٹہ نہیں دیا گیا۔ نظام صوۃ سلام کامیابی کے قریب ہے ، گستاخانہ مواد کے خاتمے کیلئے وزارت میں خصوصی سیل بنادیا ہے۔ یہ باتیں انہوں نے کونسل آف پاکستان نیوز پیپرز ایڈیٹرز کے پروگرام میٹ دی ایڈیٹرز میں اظہار خیال کرتے ہوئے کہیں۔ اس موقع پر سی پی این ای کے صدر ضیاء شاہد، سجاد بخاری اور حج آپریٹرز ایسوسی ایشنز کے نمائندے بھی موجود تھے۔ وفاقی سردار محمد یوسف کا کہنا تھا کہ وزارت حج کے حوالے سے جو شکایات ماضی میں حجاج کرام کو درپیش آئیں، کرپشن کی وجہ سے یہ ادارہ بدنام ہوگیا تھا اس کے وزیر، سیکرٹری اور ڈائریکٹر جنرل پر کیس بنے اور سزائیں ہوئیں، ان کو منظم منصوبہ بندی کیساتھ دور کیا گیا جس کے نتیجے میں ہمیں 2014ء میں ایک دن میں ایک لاکھ 27ہزار سے زائد درخواستیں موصول ہوئیں، پچھلے سال ہمارے پاس پچاس فیصد کوٹہ تھا لیکن ہمارے پاس 2لاکھ 70ہزار سے زائد درخواستیں آئیں ۔ پچھلے سال حج انتظامات مثالی تھے ۔ بہترین اقدامات کرکے سرکاری حج سکیم پر حجاج کا اعتماد بڑھایا ہے اب لوگ مزید کوٹے کامطالبہ کرتے ہیں۔ انہوں نے کہاکہ حج و عمرہ کیلئے آج تک کبھی پالیسی نہیں بنی لیکن ہم اس پر کام کررہے ہیں اور جلد اس کو قانون سازی کیلئے قومی اسمبلی میںپیش کر دیا جائیگا۔ گستاخانہ مواد کی اشاعت پر قابو پانے کیلئے بھی سپیشل سیل بنایا گیا ہے جس میں 30 لوگ شامل ہیں۔