• news

قبائلیوں نے تاریخی موقع ضائع کیا تو مزید 70 سال ایف سی آر تلے گزاریں گے: سراج الحق

لاہور (خصوصی نامہ نگار) جماعت اسلامی کے امیر سراج الحق نے کہا ہے کہ فاٹا میں 70 سال سے کالا قانون ایف سی آر نافذ ہے جس نے قبائلیوں کو غلام بنا کر رکھا ہے اور اس قانون کی وجہ سے قبائلیوں کو حقوق سے محروم رکھا جارہا ہے۔ انگریز کے نافذ کردہ کالے قانون کو ختم کرنے کا وقت آگیا ہے، ایف سی آر کا خاتمہ اور فاٹا کا خیبر پی کے میں انضمام وقت کا تقاضا ہے۔فاٹا کے عوام اور سیاسی جماعتوں کی خواہش ہے کہ سرتاج عزیز کمیٹی کی سفارشات کی روشنی میں جلد ازجلد فاٹا اصلاحات نافذ کرکے فاٹا کو خیبر پی کے میں ضم کیا جائے۔ جماعت اسلامی نے ہمیشہ فاٹا کے عوام کے حقوق کے لئے جدوجہد کی ہے، ہم فاٹا کے عوام کو تنہا نہیں چھوڑیں گے۔ جمرود میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ قبائلی عوام کو قومی اسمبلی میں حق دیا جائے ، فاٹا ارکان حاضری تودیا کرتے ہیں لیکن وہ اپنے علاقوں کے لئے نہ قانون سازی کرسکتے ہیں اور نہ ہی اپنے حق کے لئے آواز اٹھا سکتے ہیں۔ اسی طرح صوبائی اسمبلی میں بھی ان کو نمائندگی درکار ہے تاکہ انہیں صوبے کے وسائل میں بھی حصہ ملے ، مرکز کے وسائل میں بھی ان کو حصہ ملے اور انہیں بھی پاکستان کے شہریوں کی طرح حقوق حاصل ہوں۔ اللہ نے قبائلی عوام کو تاریخی موقع دیا ہے اگر انہوں نے اس موقع کو ضائع کردیا تو مزید ستر سال ایف سی آر کے سائے میں زندگی گزارنے پر مجبور ہوں گے۔

ای پیپر-دی نیشن