ای سی سی سب کمیٹی کا ماہ صیام میں اشیا کی قیمتیں مستحکم رکھنے‘ چینی کی برآمد پر پابندی کا فیصلہ
لاہور (کامرس رپورٹر) چینی کی صورتحال اور قیمتوں بارے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی طرف سے قائم کمیٹی نے رمضان المبارک کے دوران قیمتوں میں استحکام برقرار رکھنے کے لئے فیصلہ کیا ہے کہ رمضان کے آخری ہفتے تک چینی کی مزید برآمدات کی اجازت نہیں ہو گی دریں اثنا،ای سی سی سے چینی کی باقی مقدار کی برآمد کے لئے وقت کی حد میں توسیع کرنے کی سفارش کی جائے گی جبکہ0 42500 میٹرک ٹن چینی کاکوٹہ 31 جولائی 2017 تک برآمد کرنے کی پہلے ہی اجازت دی جا چکی ہے ۔ یہ فیصلہ وفاقی وزیر تجارت انجینیئر خرم دستگیر خان کی صدارت میں چینی کی صورتحال اور قیمتوں بارے وفاقی کابینہ کی اقتصادی رابطہ کمیٹی کی طرف سے قائم کمیٹی کا ماہانہ اجلاس منعقد ہوا ۔ کمیٹی نے اس امر پر اطمینان کا اظہار کیا کہ رواں سال کے دوران چینی کی ریکارڈ پیداوار ہو ئی ہے ۔