• news

وفاقی ترقیاتی پروگرام کا حجم 1001 ارب روپے ہو گا‘ پچھلے سال کے مقابلے میں چالیس فیصد زیادہ رقم رکھی گئی

اسلام آباد (اے پی پی) آئندہ مالی سال 2017-18ءکے قومی ترقیاتی پروگرام کا حجم 21 کھرب 13 ارب روپے ہوگا جس میں وفاق کا حصہ 10 کھرب 1 ارب روپے اور صوبوں کا حصہ 11 کھرب 12 ارب روپے ہوگا۔ ترقیاتی پروگرام میں 162 ارب روپے کی غیر ملکی امداد شامل ہے۔ ملکی تاریخ میں پہلی مرتبہ وفاقی حکومت کے ساتھ ساتھ صوبوں کا ترقیاتی بجٹ بھی 10 کھرب روپے سے زائد مختص کیا گیا ہے۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام پی ایس ڈی پی میں 90 فیصد فنڈز جاری منصوبوں کے لئے مختص کئے گئے ہیں۔ سرکاری شعبہ کے ترقیاتی پروگرام کی تشکیل میں وزیراعظم محمد نواز شریف کی دور اندیش قیادت کے تحت موجودہ حکومت کی ترقی پر مبنی اور عوام دوست پالیسیوں کی عکاسی کی گئی ہے۔ علاوہ ازیں نیشنل بزنس ڈویلپمنٹ پروگرام برائے ایس ایم ایز، نیشنل سینٹر ان روبوٹکس اینڈ آٹومیشن کا قیام، سائبر سکیورٹی، بگ ڈیٹا اور کلاﺅڈ کمپیوٹنگ، ہیومن نیوٹریشن، پاکستان فنانشل انکلوژن و انفراسٹرکچر ڈویلپمنٹ، نیشنل سائنس اینڈ ٹیکنالوجی پارک اور ماحول دوست منصوبے شروع کرنے جیسے نئے اقدامات بھی ترقیاتی پروگرام میں شامل کئے گئے ہیں۔ سالانہ ترقیاتی پروگرام میں آزاد جموں و کشمیر، گلگت بلتستان اور فاٹا میں ترقی کا نیا دور شروع کرنے کے لئے ان علاقوں پر خصوصی توجہ دی گئی ہے۔

ای پیپر-دی نیشن