سی پیک سے جڑے پراجیکٹس کیلئے 180 ارب‘ گوادر کی ترقی کے 31 منصوبے
اسلام آباد (آئی این پی+ نوائے وقت رپورٹ) وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے پاک چین اقتصادی راہدری منصوبوں کیلئے 180 ارب روپے مختص کرنے کا اعلان کرتے ہوئے کہا کہ گوادر میں نئے ایئرپورٹ، 200 بستر کے ہسپتال اور کھارا پانی صاف کرنے کے پلانٹس سمیت 31 نئے منصوبے شروع کئے جائیں گے۔ جمعہ کو وفاقی حکومت نے آئندہ مالی سال کے بجٹ میں پاک چین اقتصادی راہدری کے مختلف منصوبوں کی تکمیل کیلئے 180 ارب روپے مختص کئے ہیں۔ یہ اعلان وفاقی وزیر خزانہ اسحاق ڈار نے بجٹ تقریر کے دوران کیا انہوں نے کہا کہ 231 بلین روپے اس میگا پراجیکٹ پر خرچ کئے جاچکے ہیں جن میں سے 160 بلین روپے منصوبے کے تحت سٹرکوں اور پلوں پر خرچ کئے گئے۔ بجٹ تجویز میں وفاقی حکومت نے 44 بلین روپے سی پیک کے مغربی روٹ کیلئے رکھے ہیں۔ 1.8 بلین روپے سی پیک کی سیکورٹی کے لیے مختص کئے گئے ہیں۔ اسحاق ڈار نے مزید کہا کہ سی پیک نے قومی معیشت پر مثبت اثرات چھوڑے ہیں ۔ انہوں نے چین کی پاکستان کیلئے امداد کو سراہا۔ انہوں نے چینی حکومت کی پاکستان ریلوے کی اَپ گریڈیشن کیلئے معاشی امداد کا بھی ذکر کیا جس میں کراچی، لاہور، پشاور ایم ایل 1 ریلوے ٹریک بچھایا جائیگا، گوادر میں ایک نئے ایئرپورٹ، 200 بستر کے ہسپتال اور کھارا پانی صاف کرنے کے پلانٹس کی تنصیب سمیت مجموعی طور پر 31 نئے منصوبے شروع کیے جائیں گے۔
سی پیک منصوبے