• news

پاکستان کرکٹ بورڈ کو چلانے والے چیئرمین 3نکلے

لاہور(حافظ محمد عمران/نمائندہ سپورٹس) چند برسوں میں سنا جاتا رہا کہ پاکستان کرکٹ بورڈ کو دوچیئرمین چلا رہے ہیں لیکن پی سی بی کی سالانہ میٹنگ میں یہ حقیقت واضح ہوئی کہ دو نہیں تین چیئرمین پی سی بی کو چلا رہے ہیں۔ بورڈ کے چیئرمین شہریار خان، ایگزیکٹیو کمیٹی کے چئیرمین نجم سیٹھی اور ڈومیسٹک افیئرز کمیٹی کے چئیرمین شکیل شیخ اصل میں بورڈ کو چلا رہے ہیں۔ ایسا نہ ہوتا تو پی سی بی جنرل باڈی میٹنگ میں شکیل شیخ کی ڈائس پر جا کر پیش کی جانیوالی تین قراردادیں متفقہ طور پر منظور نہ ہوتیں۔ شکیل شیخ نے جب کہا کہ نجم سیٹھی کو بورڈ کا آئندہ چیئرمین مقرر کیا جائے، اعلی سول اعزاز دیا جائے، شہریار کی خدمات قابل تعریف ہیں ایوان خراج تحسین پیش کرتا ہے تو تمام نمائندوں نے متفقہ طور پر قراردادوں کو منظور کر لیا۔ تین قراردادوں کی منظوری کےلیے سارا کام ایک شخص نے کیا۔ گورننگ بورڈ کے رکن اور اسلام آباد ریجن کے صدر شکیل شیخ نے نمائندوں کو قائل کرنے میں اہم کردار ادا کیا۔جنرل باڈی میٹنگ میں منظور ہونیوالی تین قراردادیں زبان زد عام ہیں اور اس سالانہ اجلاس کی سب سے اہم کارروائی بھی انہی تین قراردادوں کو قرار دیا جا رہا ہے۔ گذشتہ روز ہونیوالے اجلاس میں شریک نمائندوں نے متفقہ طور پر نجم سیٹھی کو نئے چئیرمین کے حوالے تسلیم کر لیا ہے۔ اس اجلاس کے ذریعے حکومت کو بھی یہ پیغام دیا گیا ہے کہ کرکٹ بورڈ کے اہم سٹیک ہولڈرز بورڈ کی ایگزیکٹو کمیٹی کے سربراہ نجم سیٹھی کو مستقبل کا چئیرمین دیکھنا چاہتے ہیں۔ ایک ایسے وقت میں جب شہریار خان کے عہدے کی میعاد سترہ اگست کو ختم ہو رہی ہے ان قراردادوں کو خاصی اہمیت دی جا رہی ہے۔ کیا ان قراردادوں کا مقصد پی سی بی کے پیٹرن انچیف میاں نواز شریف کو آئندہ چئیرمین کے لیے پیغام دینا ہے یا پھر نجم سیٹھی کی راہ میں حائل رکاوٹوں کو ختم کرنا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن