2017ء میں پاکستان کی آبادی 19کروڑ 91 لاکھ، اقتصادی سروے
اسلام آباد (صباح نیوز) 2017ء میں پاکستان کی آبادی 19کروڑ 91لاکھ ہو گئی، شہری آبادی 8کروڑ 72 لاکھ جبکہ دیہی آبادی 11 کروڑ 83 لاکھ ہے جبکہ آبادی میں سالانہ 1.86 اضافہ ریکارڈ کیا گیا ہے۔ماحولیاتی تبدیلی کے خطر ناک ممالک کی فہرست میں پاکستان کا نمبر ساتواں ہے۔ رواں مالی سال کے اقتصادی سروے میں دلچسپ اور چشم کشا انکشافات کئے گئے ہیں۔ سروے رپورٹ کے مطابق پاکستان میں زچگی کے دوران ایک لاکھ میں سے 170 ماوں کی اموات ہو رہی ہے ،جبکہ ایک ہزار میں سے 62 نومولود بچے مر جاتے ہیں۔ 44 فی صد بچے غذائی کمی کا شکار ہیں، جن کا تعلق 46.3 فی صد دیہی علاقوں سے ہے۔ رپورٹ کے مطابق خواتین کی اوسط عمر مردوں کے مقابلے میں بہتر ہو گئی، خواتین کی اوسط عمر 68 اعشاریہ 2 سال ہے جبکہ مردوں کی اوسط عمر65 اعشاریہ 8سال ہے۔