• news

مستقل مشاورت سے ادارے کی کارکردگی میں بہتری آئی ہے: چیئرمین نیب

اسلام آباد (این این آئی) قومی احتساب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ نیب زیرو ٹالرنس کی پالیسی پر عمل کرتے ہوئے ملک کو بدعنوانی سے پاک کرنے کیلئے پرعزم ہے۔ وہ نیب ہیڈکوارٹرز میں اجلاس کی صدارت کررہے تھے۔ اجلاس میں نیب کے پراسیکیوشن ڈویژن کی 2017ء میں پہلی سہ ماہی یکم جنوری سے 31 مارچ تک کارکردگی کا جائزہ لیا گیا۔ پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی نے بریفنگ دیتے ہوئے کہا کہ پراسیکیوشن ڈویژن نیب کا اہم ڈویژن ہے جو نیب کے آپریشن ڈویژن اور تمام علاقائی بیوروز، انکوائریوں، انویسٹی گیشن کو قانون کے مطابق نمٹانے کے علاوہ قانونی مشورے فراہم کرنے کے ساتھ متعلقہ احتساب عدالتوں ، ہائی کورٹس اور سپریم کورٹ میں نیب کے مقدمات کی پیروی کرتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری کی قیادت میں پراسیکیوشن ڈویژن میں تجربہ کار لیگل کنسلٹنٹس اور سپیشل پراسیکیوٹرز تعینات کئے گئے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ چیئرمین نیب کی ہدایت پر شہادتوں کو نمٹانے کا طریقہ کار وضع کیا گیا ہے جس کے نتائج حوصلہ افزاء ہیں۔ انہوں نے کہا کہ پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کے تفصیلی جائزہ اور مستقل مشاورت کے نتیجہ میں کارکردگی میں بہتری آئی ہے۔ پراسیکیوشن ڈویژن کی یکم جنوری 2017ء سے 31 مارچ 2017ء کے دوران احتساب عدالتوں میں مقدمات کی سماعت کی شرح 33.3 فیصد، ہائی کورٹس میں اپیل کی شرح 64.7 فیصد، ہائی کورٹس میں رٹ پٹیشن کی شرح 82.9 فیصد، سپریم کورٹ میں فیصلہ برقرار رکھنے کی شرح 46.8 فیصد اور سپریم کورٹ میں اپیلوں کی شرح 100 فیصد ہے۔ اسی سہ ماہی کے دوران پراسیکیوشن ڈویژن کی مجموعی کارکردگی 79 فیصد رہی۔ چیئرمین نیب قمر زمان چوہدری نے پراسیکیوٹر جنرل اکائونٹیبلٹی وقاص قدیر ڈار کی قیادت میں پراسیکیوشن ڈویژن کی کارکردگی کو سراہا۔

ای پیپر-دی نیشن