شیخوپورہ ہسپتال میں نعشوں کی بے حرمتی، انکوائری کمیٹی نے واقعہ کی تصدیق کر دی
شیخوپورہ (سلطان حمید راہی) ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ میں لاوارث نعشوں کی بے حرمتی کے واقعہ پر وزیراعلیٰ پنجاب کی طرف سے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی نے اپنی رپورٹ میں واقعہ کو درست قرار دیتے ہوئے ڈیوٹی ڈاکٹر کو نوکری سے برطرف اور اس کی رجسٹریشن کینسل کرنے کی سفارش کردی جبکہ ہسپتال کے ڈی ایم ایل او اور اے ایم ایس ٹراما سینٹر کے خلاف پیڈا ایکٹ کے تحت کاروائی کرنے اور درجہ چہارم کے ملازمین کے خلاف لیگل ایکشن لینے کی بھی سفارش کردی ہے۔ سیکرٹری ہیلتھ پنجاب نے انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر فوری ایکشن لینے کے لئے متعلقہ ڈیپارٹمنٹ کو ہدایات جاری کردی ہیں۔ انکوائری کمیٹی میں ڈپٹی کمشنر، اسسٹنٹ کمشنر شیخوپورہ،اے ڈی سی اور چیف ایگزیکٹو محکمہ ہیلتھ شیخوپورہ شامل تھے۔ واضح رہے چند روز قبل ڈسٹرکٹ ہیڈ کوارٹر ہسپتال شیخوپورہ کے پوسٹ مارٹم ہائوس کے باہر ایک لاوارث نعش کا درجہ چہارم کے ملازمین پوسٹ مارٹم کررہے تھے جس کی خبر نوائے وقت میں شائع ہوئی تھی جس پر وزیراعلیٰ پنجاب میاں شہباز شریف اور سیکرٹری ہیلتھ نے فوری نوٹس لیتے ہوئے اس واقعہ کی تحقیقات کی ہدایت کی تھی۔