• news

رمضان کے بعد الیکشن مہم شروع کرینگے‘ حکمرانوں کا سورج غروب ہو رہا ہے: عمران خان

پشاور (بیورو رپورٹ+ ایجنسیاں) تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ رمضان کے بعد ملک بھر میں انتخابی مہم کا آغاز کریں گے۔ 2018ء کے انتخابات میں کے پی کے میں کلین سویپ کریں گے۔ تمام صوبوں میں تحریک انصاف کی حکومت بنے گی۔ خیبر پی کے سے شروع ہونے والا انقلاب پورے ملک میں پھیل جائیگا، گو نواز گو قومی ترانہ بن چکا ہے۔ جمعہ کو پشاور میں میڈیا سے بات چیت کرتے ہوئے عمران خان نے کہا کہ کے پی کے میں ہمارا ووٹ بنک اوپر گیا ہے‘ نیچے نہیں آیا۔ خیبر پی کے میں جو سبق سیکھے پورے پاکستان میں لیکر آئیں گے۔ عمران خان نے کہا ہے کہ نون لیگ کے اقتدار کا سورج ہمیشہ کے لئے غروب ہو رہا ہے اور حکمران ٹولے کی کرپشن کی داستان ہر شہری کی زبان پر آ چکی ہے۔ پی ٹی آئی پورے ملک میں بھاری اکثریت سے برسر اقتدار آئے گی جبکہ پرویز خٹک اگلی بار بھی خیبر پختونخوا کے زیادہ مضبوط وزیر اعلیٰ ہونگے۔ وہ پشاور کے نواحی گاؤں ہریانہ میں سابق رکن قومی اسمبلی نور عالم خان کی رہائش گاہ پر عوامی اجتماع سے خطاب کر رہے تھے۔ کپتان چمکنی کے علاقے میں ارباب عامر کی رہائشگاہ پر پارٹی پرچم لہرانے کے بعد نور عالم خان کے گھر گئے جہاں پارٹی کارکنوں نے ان کا شاندار استقبال کیا۔ اس موقع پر پیپلز پارٹی سے تعلق رکھنے والے اس سینئر سیاستدان نے پی ٹی آئی میں شمولیت کا با ضابطہ اعلان کیا اور عمران خان کو پاکستان کے آئندہ وزیر اعظم بننے کی پیش گوئی کرتے ہوئے واضح کیا کہ وہ اپنے علاقے اور پورے ملک کے عوام کی امنگوں کو دیکھتے ہوئے ہر دل عزیز قومی لیڈر عمران خان کی ولولہ انگیز قیادت میں پی ٹی آئی میں شامل ہوئے ہیںاور اپنے سینکڑوں حامیوں کے ہمراہ اس پارٹی کے عظیم مقاصد کی تکمیل اور بین الاقوامی برادری میں ملک و قوم کے عزت و ناموس کی سربلندی کے لئے کسی قربانی سے دریغ نہیں کریں گے۔ خیبر پختونخوا کے وزیر اعلیٰ پرویز خٹک، صوبائی وزیر اطلاعات اور آبنوشی شاہ فرمان خان، ارکان صوبائی اسمبلی محمود جان، ارباب جہانداد خان، ضلع ناظم پشاور ارباب عاصم اور ناظم ٹاؤن ٹو فرید خان کے علاوہ دیگر ممتاز سیاسی عمائدین بھی اس موقع پر موجود تھے۔ عمران خان نے کہا کہ شریف خاندان کی کرپشن سے ن لیگ کے باضمیر ورکر بھی متنفر اور نالاں ہیں اور وہ بھی حکمران ٹولے کو ملک کیلئے سکیورٹی رسک سمجھتے ہیں جن کاکام بھارت سمیت دشمن ممالک سے بھی کاروباری مراسم قائم کرنا اور عوام کے سامنے صرف صرف شو بازی کرنا ہے۔ اس موقع پر ارباب نور عالم خان نے عمران خان کو شکاری بندوق کا ایک نادر تحفہ بھی پیش کیا۔

ای پیپر-دی نیشن