پنجاب میں کپاس کی پیداوار بڑھانے کے لیے کسانوں میں مقابلہ ہوگا
راولپنڈی/ اسلام آباد (آن لائن)وزیر زراعت پنجاب نعیم اختر خاں بھابھہ نے کہا ہے کہ رواں سال کپاس کی بہترین پیداوار حاصل کرنے والے کاشتکاروں میں مقابلے منعقد کرائے جائیں گے ۔ کپاس کی 70سالہ تاریخ میں پہلی بار ایسی پالیسی کا اعلان ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ مقابلے کپاس پیدا کرنے والے 19اضلاع میں کرائے جائیں گے ۔ حکومت کے اس اقدام سے کسانوں کی حوصلہ افزائی ہوگی اور ان کے درمیان بہترین پیداوار لینے کا رجحان بڑھے گا جس کے لیے حکومت پنجاب کی طرف سے پیداواری مقابلہ جیتنے والے خوش نصیب کاشتکاروں کو 1.4ملین روپے کے بیش قیمت انعامات دئیے جائیں گے۔ ان مقابلوں کی بدولت نہ صرف ہماری فی ایکڑ پیداوار بلکہ ملکی مجموعی پیداورمیں بھی اضافہ ہوگا اور ملکی معیشت مضبوط ہوگی۔ مقابلہ میں کم ازکم 5ایکڑ پر مشتمل بلاک کو شامل کیا جائے گا۔ صوبائی سطح پر مقابلہ جیتنے والے کاشتکاروں کو لیزر لینڈ لیولر ، ٹریکٹر ٹرالی اور ڈیسک ہیرو اور ضلعی سطح پر کاٹن پلانٹر ، روٹا ویٹر اور بوم سپرئیر دئیے جائیں گے۔