آج پہلا روزہ: سبزیاں‘ پھل مہنگے‘ لیموں 300 روپے کلو ہو گیا
لاہور (خبر نگار‘ سپیشل رپورٹر‘ کامرس رپورٹر) پاکستان میں آج پہلا روزہ ہے رمضان المبارک کا چاند نظر آتے ہی مساجد کی رونقیں دوبالا ہو گئیں۔ رمضان کی تیاریوں کے سلسلے میں بازاروں میں رش بڑھ گیا تاہم مساجد میں تراویح پر بھی رش بہت زیادہ تھا۔ وزیراعلیٰ پنجاب محمد شہباز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر پاکستانی قوم اور امت مسلمہ کو مبارکباد دی ہے۔ وزیراعلیٰ نے اپنے پیغام میں کہا ہے اللہ رب العزت کا شکر ہے ہمیں ایک بار پھر رمضان المبارک کی بابرکت ساعتیں نصیب ہوئی ہیں اور روزہ ایک فرض عبادت ہونے کے ساتھ اخلاقی نظم و ضبط کی تربیت بھی ہے۔ انہوں نے کہا یہ مقدس ماہ ہمیں خود احتسابی، اخلاص، ایثار اور قربانی کا درس دیتا ہے۔ ماہ رمضان میںان افراد کو نہیں بھولنا چاہئے جو ہماری توجہ کے مستحق ہیں اور صاحب ثروت لوگوں کو غربائ‘ مساکین‘ بیواو¿ں اور یتیموں کا خصوصی طور پر خیال رکھنا چاہئے۔ رمضان المبارک سے ایک روز قبل لاہور میں پرچوں سطح پر سبزیوں اور پھلوں کی گراں فروشی کا آغاز ہو گیا۔ دکانداروں نے رمضان المبارک کی خریداری کے لئے آنے والے شہریوں کو سبزیاں اور پھل مقررہ نرخوں سے 100روپے سے زائد تک فروخت کئے۔ بیشتر علاقوں کے صارفین نے رابطہ کر کے بتایا دکانداروںنے ان کو ایک کلو آلو کچا چھلکا جس کی مقررہ قیمت 34 روپے ہے 45 روپے فی کلو تک فروخت کیا۔ پیاز 21 روپے کی بجائے 32‘ ٹماٹر 17 کی بجائے30‘ ادرک چائنہ 100 فی کلو کی بجائے 150، بینگن 18 کی بجائے 27‘ کھیرا دیسی 27‘ کی بجائے 37‘ کریلے 25 کی بجائے 35‘ پالک 20 کی بجائے30‘ ٹینڈے دیسی 42 کی بجائے 52‘ لیموں دیسی 179 کی بجائے 300‘ میتھی 47 کی بجائے 55‘ بند گوبھی 20 کی بجائے 40‘ پھول گھوبی 35 کی بجائے 55‘ سبز مرچ 53 کی بجائے80، شملہ مرچ 38 کی بجائے 50‘ اروی 58 کی بجائے 65‘ بھنڈی 44 کی بجائے60، مٹر 100 کی بجائے 150، پھلیاں رواں 58 کی بجائے 80 فی کلو تک فروخت کی گئیں۔ پھلوں میں ایک کلو سیب کالا کولو پہاڑی 166 کی بجائے 250‘ سیب امری 96 کی بجائے 140‘ سیب سفید 85‘ کی بجائے 125‘ تربوز 18فی کلو کی بجائے 30‘ خوبانی سفید 176 کی بجائے 250روپے، خربوزہ گول 27روپے فی کلو کی بجائے 40‘ کیلا اول درجن 102کی بجائے 160‘ کیلا دوئم درجن 69 کی بجائے 100‘فالسہ 160 کی بجائے 260‘ کھجور اصیل 139 کی بجائے200‘کھجور ایرانی 156 کی بجائے250‘ امرود 79 کی بجائے 120‘ خربوزہ 55 کی بجائے 75‘ آلو بخارا 214 کی بجائے300‘ آم سندھڑی 110کی بجائے 175‘ آم سہارنی90 کی بجائے 150 ، آم دوسیری 110کی بجائے175، آڑو اول 136 کی بجائے200‘ آڑو دوئم 85 کی بجائے140 روپے کلو میں فروخت کئے گئے۔ اسلام آباد سے این این آئی + صباح نیوز کے مطابق صدر مملکت ممنون حسین اور وزیراعظم محمد نواز شریف نے رمضان المبارک کی آمد پر پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد دیتے ہوئے اپیل کی ہے کہ تمام پاکستانی اپنے اندر اتحاد و اتفاق، برداشت، رواداری، خیرخواہی اوراحترام انسانیت کے جذبہ پرمبنی اعلیٰ صفات پیدا کریں ¾رمضان المبارک کے آغاز پر قوم کے نام اپنے پیغام میں صدر مملکت نے کہا نیکیوں کے موسم بہار یعنی رمضان المبارک کی آمد پر وہ پاکستانی قوم اور پوری ملت اسلامیہ کو مبارکباد پیش کرتے ہیں توقع کرتے ہیں کہ اس ماہ مبارک کے دوران ہم رحمتیں سمیٹ کر اللہ کی رضا کے حق دار بن جائیں گے ۔ رحمتوں اوربرکتوں کے ان ایام میں کمزوروں، ضعیفوں اور ناداروں کی اس طرح مدد کرنی ہے کہ وہ مستقل طور پر اپنے پاﺅں پر کھڑے ہو سکیں ۔ قوم کے نام اپنے پیغام میں وزیراعظم نواز شریف نے کہا کہ وہ رمضان المبارک کی آمد پر تمام اہل اسلام کو دل کی گہرائیوں سے مبارک باد پیش کرتے ہیں۔ میری دعا ہے ہم سب کی زندگی میں اس طرح کے مبارک مواقع بار بار آتے رہیں۔ آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ نے رمضان المبارک کے آغاز پر پاکستان اور دنیا بھر کے مسلمانوں کو مبارکباد دی ہے۔ انہوں نے کہا اللہ ہم پر اپنی رحمتیں جاری رکھے۔ سپیکر قومی اسمبلی سردار ایاز صادق نے اپنے پیغام میں کہا ہے کہ رمضان المبارک کا مہینہ رحمتوں اور برکتوں کا مہینہ ہے جس میں پوری دنیا کے مسلمان روزی رکھتے اور اللہ تعالیٰ کی عبادت کر تے ہیں‘ رمضان ہمیں نیکی اوراعتدال پسندی کی تعلیم دیتا ہے۔ صباح نیوز کے مطابق میئرلندن صادق خان نے مانچسٹر اورلندن میں مارے جانے والوں کو دعاوں میں یاد رکھنے کی اپیل کر دی۔ ویڈیو پیغام میں رمضان المبارک کے بابرکت موقع پر لندن کے مئیر نے دنیابھر کے مسلمانوں کو ماہ صیام کی مبارکباد پیش کی ہے۔ تمام مذاہب کااحترام کریں، باہمی ہم آہنگی کی فضا کو برقرار رکھیں۔ کینیڈا کے وزیراعظم جسٹسن ٹروڈو نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو اردو میں ماہ رمضان کی مبارکباد دی۔ انہوں نے کہا کینیڈا میں مقیم مسلمانوں کا اس ملک کی ترقی میں بہت بڑا ہاتھ ہے۔ اس مقدس مہینے میں لوگ مسجدوں اور گھروں میں اپنے خاندان اور دوستوں کے ساتھ اکٹھے ہوں گے۔ رمضان کا مہینہ مسلمانوں کے لیے بہت اہم ہوتا ہے جہاں اس ماہ مسلمان روزے اور نماز ادا کرتے ہیں اور مستحقین کے ساتھ ہمدردی اور ان کی مختلف طریقوں سے حوصلہ افزائی کرتے ہیں۔ پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے ماہ رمضان کی آمد کے موقع پر پاکستان سمیت دیگر ممالک میں موجود امت مسلمہ کو مبارکبا دیتے ہوئے کہا ہے برکتوں و فضیلتوں سے بھرا یہ مہینہ ہمیں تقویٰ، صبر، رواداری اور ایثار کا درس دیتا ہے۔ پیپلزپارٹی پارلیمنٹیرینز کے صدر آصف زرداری نے بھی رمضان المبارک کے موقع پر مسلمانوں کو مبارکباد دیتے ہوئے ان سے اپیل کی ہے اپنے گناہوں کی معافی مانگیں اور اس مبارکبا مہینے میں اللہ تعالیٰ کی رحمتوں کے طلبگار ہوں۔
رمضان/ پیغامات