پاکستان ‘ افغانستان رواں سال 2 ٹی ٹونٹی میچ کھیلیں گے
لاہور(نمائندہ سپورٹس )پاکستان کرکٹ بورڈ اور افغانستان کرکٹ بورڈ دونوں ٹیموں کے درمیان ٹی ٹونٹی سیریز کرانے پر غور کر رہے ہیں جن کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ بعد میں کیا جائے گا۔ چیئرمین پی سی بی شہریار خان کا کہنا تھا کہ پاکستان اور افغانستان کی ٹیموں کے درمیان 2 دوستانہ ٹی ٹوئنٹی میچز کرائے جائیں گے جن میں سے پہلا ٹی ٹونٹی میچ افغانستان جبکہ دوسرا پاکستان میں ہوگا۔ افغانستان اور پاکستان کے درمیان دوطرفہ سیریز کرائی جائیں گی جو افغانستان، پاکستان یا شارجہ میں ہوسکتی ہیں جن کی تاریخوں کا حتمی فیصلہ نہیں کیا گیا۔ پاکستان آئی سی سی معاملات میں افغانستان کی مدد کرے گا اور افغانستان کو آئی سی سی کا مستقل ممبر بنوانے کی بھی کوشش کرے گا۔ افغانستان اور پاکستان کی ریجنل ٹیموں کیدرمیان بھی میچز منعقد کیے جائیں گے ۔ شہریار نے افغانستان کو پاکستان کے کسی بھی سٹیڈیم کو بطور اپنا ہوم گراؤنڈ استعمال کرنے کی بھی اجازت دی۔افغان کرکٹ بورڈ کے سربراہ عاطف مشعل نے کہا کہ کھیلوں کو سیاست کی نذر نہیں ہونا چاہئے اسی لیے پاکستان اور افغانستان کے کرکٹ بورڈ یہ کوشش کر رہے ہیں کہ کھیل بالخصوص کرکٹ کو سیاست سے دور رکھا جائے۔انہوں نے کہا کہ کھیلوں کو تعلقات کی بہتری کے لیے استعمال کرنا چاہیے اور اسی مقصد کو حاصل کرنے کے لیے دونوں ممالک کی ٹیمیں امن کا پیغام لے کر ایک دوسرے کے ملک کا دورہ کریں گی۔