• news

بدعنوانی اور کرپشن سے آہنی ہاتھوں کیساتھ نمٹیں گے: چیئرمین نیب

اسلام آباد(اے پی پی) قومی احتسباب بیورو (نیب) کے چیئرمین قمر زمان چوہدری نے کہا ہے کہ بد عنوانی تمام برائیوں کی جڑ ہے ۔نیب بد عنوانی اور کرپشن سے آہنی ہاتھوں سے نمٹے گی کیونکہ بدعنوان عناصر کو کیفر کردار پہنچانا ہمارا قومی فریضہ ہے ۔نیب ہیڈکوارٹر میں 15روزہ جائزہ اجلاس کے شرکاء سے خطاب کرتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا کہ نیب کے چیئرمین کی ذمہ داریاں سنبھالنے کے بعد بدعنوانی تدارک کیلئے تزویراتی حکمت عملی مرتب کی اور کسی بھی شکایت پر کارروائی کیلئے تین مختلف مراحل کے لائحہ عمل پر عملدرآمد جاری ہے جس کے تحت پہلے مرحلے میں شکایات کی تصدیق اور پھر انکوائری اس کے بعد تحقیقات کی جاتی ہیں ۔ انہوں نے کہا گذشتہ تین سال کے اعدادوشمار اس بات کے گواہ ہیں کہ نیب کے تمام عملہ نے مل کر سخت محنت سے کام کیا ہے اور کرپشن کے خاتمہ کو ایک قومی فرض سمجھ کر ادا کیا جا رہا ہے ۔ انہوں نے کہا کہ شکایات کی وصولی میں ہونے والے اضافہ سے نیب پرعوام کے بڑھتے ہوئے اعتماد کا اظہار ہوتا ہے ۔ پلڈاٹ کی رپورٹ کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین نیب نے کہا نیب پر 42فیصد لوگ اعتماد کا اظہار کرتے ہیں جبکہ پولیس پر اعتماد کا اظہار کرنے والوں کی شرح 30فیصد اور دیگر سرکاری اداروں پر اعتماد کی شرح 29فیصد ہے ۔ ٹرانسپیرنسی انٹرنیشنل نے بھی پاکستان کے کرپشن کے حوالے سے انڈیکس میں بہتری کی رپورٹ دی ہے جو 126ویں نمبر سے 116ویں نمبر آچکا ہے۔

ای پیپر-دی نیشن