• news

تربت: ایف سی سے فائرنگ کے تبادلے میں کالعدم تنظیم کے 2 دہشت گرد ہلاک

تربت، میانوالی ( نوائے وقت رپورٹ+ نامہ نگار) ایف سی کے تربت کے علاقے دشت یلنگور میں سرچ آپریشن کے دوران فائرنگ تبادلے میں دو مبینہ دہشت گرد ہلاک ہوگئے سکیورٹی حکام کے مطابق ہلاک دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم سے ہے ہلاک دہشت گردوں سے دو کلاشنکوف‘ دو دستی بم برآمد کرلئے گئے۔ دوسری جانب ایف سی اور حساس اداروں نے ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں کارروائیاں کرتے ہوئے آرجن نالا اور درینجن نالا میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمدکرلیا ۔ آئی ایس پی آر کے مطابق ملک بھر میں آپریشن ردالفسادکامیابی سے جاری ہے۔ایف سی اور حساس اداروں نے ڈیرہ بگٹی اور سوئی میں کارروائیاں کرکے آرجن نالا اور درینجن نالا میں کالعدم تنظیم کے ٹھکانوں سے اسلحہ اور گولہ بارود برآمد کرلیا جبکہ قبضے میں لی گئی اشیا میں آر پی جی لانچر بمعہ 5 آر پی جی سیون رائونڈز , 4 عدد مارٹر گولے, 2 مائینز،4 گرینیڈز, 170 عدد پریشر بٹنز,3 ریموٹ کنٹرول بمعہ اینٹینا اور دیگر تخریبی مواد شامل ہیں۔مزید برآں میانوالی کے علاقوں تھانہ پائی خیل، چکڑالہ، پپلاں، صدر، چاپری اور عیسیٰ خیل کے مضافات میں پولیس نے دیگر قانون نافذ کرنیوالے اداروں کیساتھ ملکر سرچ آپریشن کیا۔ دوران سرچ آپریشن تعلیمی و دینی مدارس، مکین افرا د کے گھروں اور پشتون خیمہ بستیوں کو چیک کیاتمام افراد کی رجسٹریشن اور کوائف چیک کیے جس میں کرایہ داری ایکٹ ، اسلحہ ناجائز ومنشیات و دیگر قوانین کے تحت تلاشی عمل میں لائی گئی۔ اس دوران عدالتی مفرور محمد الٰہی قوم اعوان سکنہ بن حافظ جی چکڑالہ کو گرفتار کیا چار افراد سے ناجائزاسلحہ برآمد ‘290گھروں کو چیک 180 افراد کی بائیومیٹرک تصدیق کی 80 مشتبہ افراد کو زیر حراست لیا۔

ای پیپر-دی نیشن