• news

حکومت اتحادیوں کی حمایت بچانے کیلئے فاٹا اصلاحات سے پیچھے ہٹ گئی:فرحت اللہ بابر

اسلام آباد (آئی این پی) پاکستان پیپلزپارٹی کے رہنما سینیٹر فرحت اللہ بابر نے کہا ہے کہ نواز حکومت نے اپنے اتحادیوں کی حمایت کو تحفظ دینے کے لئے فاٹا اصلاحات اور عوام کو انسانی حقوق فراہم کرنے سے پیچھے ہٹ گئی ہے،حکومت کی جانب سے بدنیتی اس وقت واضح ہوگئی جب اس نے کابینہ کی جانب سے 2مارچ کو منظور کئے جانے والے فاٹا اصلاحاتی پیکج کو نظرانداز کر دیا اور اسے پارلیمنٹ میں لا کر فاٹا تک اعلیٰ عدلیہ کا اختیار وسیع کرنے کے لئے آئین ترامیم نہیں پیش کیں،کچھ لوگ کھلے عام فاٹا کے کے پی میں ضم ہونے کی مخالفت مختلف بہانوں سے کر رہے ہیں۔ وہ سیمینار سے خطاب کر رہے تھے جو فاٹااصلاحات سے پیچھے ہٹ جانے کے موضوع پر شہید بھٹو فائونڈیشن نے نیشنل پریس کلب اسلام آباد میں یہ سیمینار منعقد کرایا جس سے اراکین قومی اسمبلی شاہ جی گل آفریدی، سجاد طوری اور اخونزادہ چٹان کے ساتھ ساتھ سول سوسائٹی کے رہنمائو ں نے بھی خطاب کیا۔ سینیٹر فرحت اللہ بابر نے پوچھا کہ پھر فاٹا اصلاحات سے پیچھے کیوں ہٹا جا رہا ہے اور اس کا ذمے دار کون ہے؟ انہوں نے کہا کہ صاف ظاہر ہے کہ اس کی ذمہ دار نواز شریف حکومت ہے۔ حکومت ہی نے اپنے دو اتحادیوں کو خوش کرنے کے لئے اس پیکیج کو دفن کر دیا ہے۔ حکوم کی اتحادی پارٹیوں سے پوچھا جائے کہ آخر وہ ان اصلاحات کی مخالفت کیوں کر رہی ہیں؟ انہوں نے کہا کہ کچھ لوگ کھلے عام فاٹا کے کے پی میں ضم ہونے کی مخالفت مختلف بہانوں سے کر رہے ہیں۔ کچھ لوگ اس لئے مخالفت کر رہے ہیں کہ جب فاٹا کے پی میں ضم ہو جائے گا تو ان لوگوں کے لئے یہ ممکن نہیں رہے گا کہ کوہ قبائلی علاقوں میں مسجد اور ممبر کو سیاسی مقاصد کے لئے استعمال کر سکیں۔ تبدیلی تو آکر رہے گی چاہے اس سے کسی کو کتنی بھی تکلیف ہو۔ اگر نواز شریف نے فاٹا کے عوام کو ان کا حق نہیں دیا تو" گو نواز گو کا نعرہ، قدم بڑھائو فاٹا ریفارمز کرو ہم تمہارے ساتھ ہیں "میں تبدیل ہو جائے گا۔

ای پیپر-دی نیشن