عبدالرشید غازی قتل کیس، پرویز مشرف کے وکیل کی 3 ماہ کے وقفے سے تاریخ مقرر کرنے کی استدعا منظور
اسلام آباد (آن لائن) عبدالرشید غازی قتل کیس، سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے کیس کے اخراج کے لیے دائر درخواست پر سماعت، مشرف کے وکیل نے عدالت سے درخواست پر مزید سماعت کے لیے 3 ماہ بعد کی تاریخ مقرر کرنے کی استدعا کر دی۔ ایڈیشنل سیشن جج راجہ آ صف محمود نے سابق صدر پرویز مشرف کی جانب سے عبدالرشید غازی قتل کیس کے اخراج کے لیے دائر درخواست پر سماعت کی۔ سماعت کے دوران سابق صدر پرویز مشرف کے وکیل اختر شاہ ایڈووکیٹ نے عدالت سے استدعا کی کہ انہیں چند ماہ کے لیے بیرونِ ملک جانا ہے لہذا درخواست پر آئندہ سماعت کے لیے تین ماہ بعد کی تاریخ مقرر کی جائے۔ فاضل جج نے وکیل کی استدعا منظور کرتے ہوئے کیس کی مزید سماعت کے لیے 9 نومبر کا دن مقرر کر دیا۔ واضح رہے کہ پرویز مشرف نے اس درخواست کے ذریعے عبد الرشید غازی کے قتل پر ان کے خلاف درج ایف آئی آر کو جھوٹا قرار دیتے ہوئے عدالت سے اس کے اخراج کی استدعا کر رکھی ہے۔